نئی دہلی:لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پ ی) نے بہار اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے 12 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے ۔
پارلیمانی پارٹی کے صدر چراغ پاسوان نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ ایل جے پی کے قومی صدر رام ولاس پاسوان کی صدارت میں سنٹرل پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ ہوئی جس میں بارہ امیدواروں کے نام جاری کئے گئے ۔ ان امیدواروں میں الولی (ریزرو) سیٹ سے مسٹر پاسوان کے بھائی پشوپتی کمار پارس شامل ہیں اس سیٹ پر پہلے مرحلے میں انتخاب ہونا ہے ۔ پہلے مرحلے کے لئے مسٹر پارس کے علاوہ دیگر چھ امیدواروں میں وبھوتی پور سے مسٹر رمیش سنگھ، چیریا بریا پور سے مسٹر انل چودھری ، سکندر (ریزرو) سے سبھاش چندر بوس، کلیان پور (ریزرو) سے مسٹر پرنس راج، جمال پور سے انجینئر ہمانشو کمار اور ناتھ نگر سے امر کشواہا شامل ہیں۔تیسرے مرحلے کے انتخابات کے لئے فتوحہ سے ستیندر سنگھ کو ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ چوتھے مرحلے میں گووند گنج سیٹ سے مسٹر راجو تیواری کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ پانچویں مرحلے میں ہونے والے انتخاب کے لئے فی الحال تین امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے جن میں تروینی گنج (ریزرو) سے وجے پاسوان، سون برسا (ریزرو) سے محترمہ سریتا پاسوان اور سمری بختیار پور سے محمد یوسف خان شامل ہیں۔