لکھنؤ(نامہ نگار)لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی میں یکم دسمبر سے ای-ٹنڈرنگ نظام شروع ہوجائے گا۔ یہاں ہونے والے کاموں کے ٹھیکے اب انٹرنیٹ کے ذریعہ طے ہوںگے۔ دنیا کے کسی بھی گوشے میںبیٹھ کر لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی کے ٹنڈر اب کئے جا سکیںگے۔
ابھی تک ٹنڈر ڈالنے کیلئے ٹھیکیداروں کو ایل ڈی اے دفتر جانا پڑتا تھا۔ ابھی تک ایل ڈی اے کے جتنے بھی ٹنڈر منظور ہوتے تھے ان میں بڑے ٹھیکیداروں کی منمانی چلتی تھی ان کی مرضی کے بغیر کوئی بھی چھوٹا یا بڑا ٹنڈر کوئی دیگر ٹھیکیدار کو نہیںمل پاتا تھا۔ مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔ ای-ٹنڈرنگ کے ذریعہ کوئی بھی چھوٹا یا بڑا ٹھیکیدار کہیں سے بھی کام حاصل کرنے کیلئے درخواست دے سکتا ہے۔ ایسے میں کسی بھی ٹھیکیدار کی منمانی نہیں چلے گی۔
ای ٹنڈرنگ نظام سے بڑے ٹھیکیداروں میں مایوسی طاری ہو گئی ہے۔ ایل ڈی اے کے کاموں کا ٹھیکہ لینے والا کوئی بھی ٹھیکیدار اس نظام سے خوش نہیں ہے۔ ترقیاتی اتھارٹی کے ذریعہ ای ٹنڈرنگ کی پہل کئے جانے کے بعد یہاں ٹنڈر کو لے کر آئے دن ہونے والے جھگڑوں سے نجات مل جائے گی۔جس وقت ٹنڈر ڈالے جانے کا عمل شروع ہوتا تھا اس وقت ترقیاتی اتھارٹی میں ٹھیکیدار اپنے لاؤ لشکر کے ساتھ آتے تھے تاکہ دوسرے ٹھیکیداروں پررعب ڈال کر انہیں ٹنڈر ڈالنے سے روک سکیں۔ یہ عمل شروع ہونے کے بعد ترقیاتی اتھارٹی کیمپس میں کسی بھی طرح کے جھگڑے نہیں ہو سکیںگے۔
اس نظام سے ٹھیکیداروں کا وقت بھی بچے گاورنہ صبح سے ہی ٹنڈر ڈالنے کے بعد سے شام کو باکس سیل ہونے تک کا انتظار کرنا پڑتا تھا، اب کسی دباؤ و خوف کے دنیا کے کسی بھی گوشے میں بیٹھ کر ٹھیکیدار یہاں ہونے والے کاموں کیلئے ٹنڈر ڈال سکتے ہیں۔