نئی دہلی۔ 21 اگست (یو این آئی) دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس ) کے چیف وجیلنس افسر (سی وی او) سنجیو چترویدی کو عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔اپنی دو برس کی معیاد کار کے دوران مسٹر چترویدی نے ایمس میں بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں سے متعلق کئی گھپلوں کا پردہ فاش کیا تھا۔صحت کیمرکزی وزیر ہرش وردھن کی ہدایت پر مسٹر چترویدی کو اس عہدہ سے ہٹایا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے مسٹر چترویدی کو عہدہ سیہٹائے جانے پر حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کیا اسی طرح مودی حکومت ملک سے بدعنوانی کو ختم کرنے والی ہے۔
مسٹر چترویدی کو اس سے قبل بھی سابقہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کے دور اقتدار کے دوران بھی عہدہ سے ہٹائے جانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن اس وقت پارلیمنٹ کی مستقل کمیٹی نے اس میں مداخلت کی تھی اور وزارت صحت سے یہ یقینی بنانے کے لئے کہا گیا تھا کہ وجیلنس افسر کو ان کے چار برس کی میعاد کار مکمل ہونے سے پہلے کسی بھی حالت میں عہدہ سے نہیں ہٹایا جائے ۔مسٹر چترویدی نے جن گھپلوں کا پردہ فاش کیا ان کے تحت ایک ایڈیشنل سکریٹری اور ڈپٹی ڈائرکٹر سمیت ایمس کے کئی ملازمین اور ٹھیکہ داروں کے
خلاف سی بی آئی کی تفتیش جاری ہے۔