لندن: عالمی نمبر2 برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے ومبلڈن ٹینس سنگلز کے فائنل میں کینیڈا کے میلوس راؤنک کو شکست دے کر دوسری دفعہ ٹائٹل اپنے نام کیا، یہ ان کے کیریئر کا تیسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔
اینڈی مرے نے میلوس راؤنک کو 4-6، 6-7 اور 6-7 کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔
29 سالہ برطانوی اسٹار نے 2013 میں پہلی دفعہ ومبلڈن ٹائٹل جیتا تھا جبکہ اس سے قبل 2012 میں یو ایس اوپن اپنے نام کیا تھا۔
مرے اس سے قبل 11 مرتبہ میجر ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے جہاں ان کا مقابلہ عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ اور سوئس اسٹار روجر فیڈرر سے ہوا تھا جبکہ پہلی دفعہ کسی تیسرے کھلاڑی سے مدمقابل تھے۔
واضح رہے عالمی نمبر ایک جوکووچ کو تیسرے مرحلے میں امریکی ٹینس اسٹار سیم کوئیری نے اسٹریٹ سیٹ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔
میلوس راؤنک نے سیمی فائنل میں روجرفیڈرر کو ایک اعصاب شکن مقابلے کے بعد 3-6،6-7،4-6، 7-5اور 6-3 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جہاں مرے نے ان کے خواب کو چکنا چور کردیا۔