جموں: جموں کشمیر کے ضلع اودھم پور میں کل زندہ پکڑے گئے پاکستانی دہشت گرد سے پوچھ گچھ کیلئے قومی تفتیشی ایجنسی کی ٹیم آج جموں پہنچ گئی۔ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ این آئی اے کی چار رکنی ٹیم صبح جموں پہنچی۔
ٹیم کے رکن سرحدی سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے قافلہ پر کل حملہ کرنے والے دہشت گرد قاسم خان عرف عثمان خان سے پوچھ گچھ کیلئے میراں صاحب میں واقع تفتیشی مرکز پہنچی۔ جموں و کشمیر کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے راجیندر بھی جے آئی سی پہنچ گئے ہیں۔قاسم کو کل رات اودھم پور سے جے آئی سی لایا گیا تھا جہاں اعلی خفیہ ایجنسیوں کی ٹیم اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔ اب تک جمع کی گئی اطلاعات اور پوچھ گچھ کے دوران موصولہ اطلاعات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں این آئی اے کی ٹیم کو سونپ دیا جائے گا۔
اس کے بعد این آئی اے کی ٹیم دہشت گرد سے پوچھ گچھ کرے گی۔واضح رہے کہ اودھم پور کے چنینی تحصیل میں جموں و کشمیر قومی شاہراہ پر بی ایس ایف کے قافلے پر کل ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جب کہ قاسم کو زندہ پکڑ لیا گیا۔