نئی دہلی:حکومت نے ہندی نیوز چینل این ڈی ٹی وی انڈیا کو پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کے کوریج کے سلسلے میں پروگرام کوڈ کی خلاف ورزی کیلئے سزا کے طور پر ایک دن کیلئے نشریات بند کرنے کی ہدایت دی ہے ۔اطلاعات و نشریات کی وزارت کے ایک سینئر افسر نے آج یواین آئی کو بتایا کہ ٹی وی چینل کے خلاف دہشت گرد انہ حملے کے کوریج کے دوران قومی سلامتی کے لئے خطرناک حساس معلومات کو اجاگر کرنے کی شکایت کرائی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ چینل کو حکم پر عمل کے لئے ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے ،
ایسا نہ کرنے پر ٹیلي پورٹ آپریٹر کو چینل کے سگنل کو ایک دن کیلئے بند کرنے کا حکم دیا جائے گا۔افسر نے بتایا کہ یہ فیصلہ کیبل ٹی وی نیٹ ورک ایکٹ کے تحت بین وزارتی کمیٹی نے کیا ہے ۔ چینل کو ایک دن کیلئے نشریات بند کرنے کی ڈیڈلائن نو نومبر تک دیا گیا ہے ۔ گزشتہ سال دہشت گردانہ واقعہ کی کوریج سے متعلق نوٹیفکیشن کے تحت پہلی بار کسی چینل کے خلاف ایسا قدم اٹھایا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ٹی وی چینلز کی طرف سے 2008 میں ممبئی دہشت گرد حملے کی کوریج کی کافی تنقید ہوئی تھی۔ ایسا مانا گیا تھا کہ ہندوستانی نیوز چینلز کی غیر ذمے دارانہ کوریج سے پاکستانی دہشت گردوں کا مدد ملی تھی۔