اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ وہ، نیویارک میں اپنے قیام کے دوران ایران کے قومی مفادات اور حقوق کی بحالی کی کوششیں جاری رکھیں گے
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے نیویارک ایرپورٹ پر نامہ نگاروں سے گفتگو میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستّر ویں اجلاس میں شرکت سے متعلق اپنے دورہ نیویارک کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماضی کے اپنے دو دوروں کی مانند اس دورے میں بھی وہ،ان دوروں کے مقاصد کو آگے بڑھائیں گے اور اہم علاقائی و عالمی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ایران کے قومی مفادات اور ایرانی قوم کے حقوق کی بحالی سے متعلق مسائل پر بھرپور توجہ دیں گے- صدر مملکت نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بعد اب صورت حال ایسی بن گئی ہے کہ پوری دنیا کے ساتھ تعمیری تعلقات و تعاون کے فروغ پر ماضی سے کہیں زیادہ توجہ دی جائے اور ساتھ ہی امن و استحکام کے حصول کی غرض سے علاقائی و عالمی مسائل کو بھی آگے بڑھایا جائے- ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ علاقائی مسائل منجملہ یمن، شام اور عراق کے حالات، ایسے موضوعات ہیں کہ جن پر وہ مختلف ملکوں کے سربراہوں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کریں گے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ان ملاقاتوں میں، ایسے مفید اور تعمیری فیصلے اختیار کئے جائیں گے جو، علاقے سے بدامنی کے خاتمے اور امن و استحکام کی برقراری پر منتج ہوں گے