معروف امریکی کمپنی ایپل کے مطابق اس کا دنیا کے سب سے بڑے موبائل فون سروس فراہم کرنے والے ادارے چائنا موبائل کے ساتھ معاہدہ ہو گیا ہے۔ اس معاہدے کے باعث ایپل کو چائنا موبائل کے ذریعے چینی مارکیٹ تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔ چائنا موبائل کے سبسکرائبرز یا صارفین کی تعداد 760 ملین کے قریب ہے۔ چائنا موبائل دنیا کا سب سے بڑا 4G نیٹ ورک لانے کی تیاری بھی کر رہا ہے۔ اپیل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس معاہدے کے تحت ایپل کے آئی فون فائیو ایس اور آئی فون فائیو سی 17 جنوری سے چائنا موبائل کے ساتھ ساتھ چین بھر میں ایپل کے اسٹورز پر دستیاب ہوں گے۔ تاہم ان اسمارٹ فونز کی قیمت کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں دی گئیں۔