الہ آباد:سفر کے دوران اب ٹرینوں میں گندگی ہونے پر مسافر براہ راست کنٹرول روم میں اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔شکایت ملنے پرریلوے کے ذریعہ اگلے اسٹیشن پرٹرین میں فوراً صفائی کی سہولت مہیا کرائی جائے گی۔شمال وسطی ریلوے (این سی آر )کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ الہ آباد ڈیویژن نے اس کے لئے ریلوے کا ایک خصوصی موبائل نمبر بھی جاری کیا ہے ۔اس نمبر پر مسافر براہ راست فون کرکے یا ایس ایم ایس کر کے اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ٹرینوں کے اندر صفائی کو بہتر بنانے کے لئے این سی آر کے الہ آباد ڈیویژن کی ٹرینوں میں آن بورڈ ہاؤس کیپنگ سروس (اوبی ایچ ایس )کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔اس کے لئے ریلوے کی جانب سے جاری خصوصی موبائل نمبر اس ریل ڈیویژن میں چلنے والی ٹرینوں کے کوچوں میں بھی لگائے جارہے ہیں۔ذرائع کے مطابق سفر کے دوران صاف صفائی سے متعلق شکایتوں کو مسافر اس نمبر پر درج کراسکتے ہیں۔