لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج اکشے پاتر تنظیم کے جدید باورچی خانہ کا افتتاح کیا۔ اکشے پاتر فاؤنڈیشن کے تعاون سے سروجنی نگر کے اموسی گاؤں کے ایک پرائمری اسکول میں یہ باورچی خانہ بنایا گیا ہے اس کے تحت جولائی میں ایک لاکھ بچوں کو ہائی جینک مڈ ڈے میل کا کھانا دیاجائے گا۔ اس ہائی ٹیک باورچی خانہ کو بنانے میں تقریباً ۲۰۹ کروڑ روپئے کی لاگت آئی ہے۔
باورچی خانہ میں صفائی کاخاص خیال رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلے آگ میں ہاتھ سے روٹیاں سینکی جاتی تھیں اب مشین سے ایک ساتھ ساٹھ روٹیاں پکائی جائیں گی۔ اس باورچی خانہ میں مشینوں سے صاف کھانا بنایا جائے گا۔ یہاںسے پرائمری اسکولوں کو مڈ ڈے میل کی فراہمی کی جائے گی او ر کم وقت میں بچوں کو اچھا کھانا ملے گا۔ ساتھ ہی اب بچوں میں اسکول آنے کیلئے ان کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا اور تعلیم کے تئیں ان کے دل میں خواہش بڑھے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حکومت ایسے باورچی خانے قائم کرنے میں ہر ممکن مدد کرے گی۔ وہاں موجود اسکولی بچوں کو وزیر اعلیٰ نے کھانا بھی پیش کیا۔ اس موقع پر وزیرسیاسی پنشن راجندر چودھری، ثانوی وزیر تعلیم محبوب علی، وزیر صحت احمدحسن، وزیر مملکت برائے تعلیم وسیم احمد ، چیف سکریٹری آلوک رنجن، موجود تھے۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں اسکولی بچے ،اساتذہ اور معزز شہری موجود تھے۔