لندن : اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاھو کو جنگی جرائم کے لئے گرفتار کرنے کے مطالبے کے سلسلے میں برطانیہ میں شروع ہوئی ایک مہم پر ایک لاکھ سات ہزار سے زائد لوگوں نے دستخط کئے ہیں۔مہم میں کہا گیا، “گزشتہ سال غزہ میں 2000 سے زائد عام لوگوں کے قتل کے لئے مسٹر نیتن یاھو کو ان کے حالیہ لندن دورے میں جنگی جرائم کی بین الاقوامی قوانین کے تحت گرفتار کیا جانا چاہئے ۔” برطانیہ کے قانون کے مطابق ایک لاکھ سے زائد دستخط والی مھمات کو پارلیمنٹ میں بحث کے قابل سمجھا جاتا ہے ۔
برطانیہ کی حکومت نے کہا کہ کسی بھی ملک کے صدر مملکت پروٹوکول کی وجہ سے عدالتی عمل سے باہر ہوتے ہیں اور اس وجہ سے انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ اس نے کہا، “ہم سمجھتے ہیں کہ گزشتہ سال غزہ میں ہونے والی جنگ کو لوگ سنگین مان رہے ہیں۔ ہمیں اس تشدد کا گہرا دکھ ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال غزہ میں 500 سے زائد بچوں سمیت قریب 2100 فلسطینی لوگ مارے گئے تھے ۔ اس جنگ میں اسرائیل کے کل 73 فوجیوں کی موت ہوئی تھی۔ اس کے دو ماہ بعد برطانیہ کی پارلیمنٹ نے فلسطین کو تسلیم کرلیا تھا۔