چندولی۔ (نامہ نگار)۔ کانگریس اور بی جے پی ایک ہی سکے کے دو پہلو ہیں ان دونوںپارٹیوں نے دھوکہ دینے کا کام کیا ہے۔ ترقی کا صرف دعویٰٰ کرتی ہیں اور جب ترقی کی بات آتی ہے تو یہ دونوں پارٹیاں ایک ساتھ مخالفت کرتی ہیں، دونوں پارٹیوں سے ملک کے عوام کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
مذکورہ الزام عام آدمی پارٹی کے قومی ترجمان اور اترپردیش انچارج سنجے سنگھ نے ہیڈ
کوارٹر واقع پارٹی دفتر پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران عائد کیا۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ ملک میں آئندہ پارلیمانی انتخابات عوام کیلئے اہم ہیں، الیکشن کے دوران کانگریس ، بی جے پی اور ان کی حامی پارٹیاں رائے دہندگان کو راغب کرنے کیلئے طرح طرح کی کوششیں کر رہی ہیں اس سے عوام کو محتاط رہنا ہوگا۔ انہوں نے بی جے پی کے وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا رویہ تانا شاہ جیسا ہے،اس کی تازہ مثال لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جیسے قدآور رہنماؤں کو پارٹی نے حاشیہ پر کھڑا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کہتے ہیں کہ گجرات نے بہت ترقی کی ہے لیکن گجرات میں کسانوں کی زمین اونے پونے داموں پر لیکر صنعتی گھرانوں کومبینہ طور پر مفت سونپی جا رہی ہے ۔گجرات میں نریندر مودی حکومت سے قبل ۲۴ کروڑ روپئے قرض تھا جو اس وقت بڑھ کر ۸۰ء۱ ہزار کروڑ پہنچ گیا ہے۔ بڑودا اور بنارس دونوں جگہ سے مودی کا الیکشن لڑنا کاشی کے عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔ انہیں شاید کاشی کے عوام پر اعتماد نہیں ہے۔
بنارس میں عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کی تاریخی ریلی ۲۵؍مارچ کو ہونے جا رہی ہے۔ یہ ریلی ہم سبھی کارکنان کیلئے ایک چیلنج ہے۔ اس سے قبل کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی الیکشن کے پیش نظر سبھی کارکنان ایمانداری کے ساتھ پارٹی کے اصولوں کو عوام تک پہنچائیں۔ اس موقع پر سنتوش سنگھ، ونود سنگھ، انل پرجاپتی، دینا ناتھ، امر ناتھ وغیرہ موجود تھے۔ صدارت اپربل سنگھ اور نظامت جمنا سنگھ نے کی۔