علی گڑھ، 15 مئی (یو این آئی) علی گڑھ مسلم یونورسٹی (اے ایم یو) میں ریسرچ کی سابق طالبہ کے قتل کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل پایا ہے ۔علی گڑھ کے سول لائن علاقہ میں الحمد اپارٹمنٹ میں رہنے والی اے ایم یو کی سابق طالبہ ڈاکٹر اسما جاوید (28) کی لاش کل مشتبہ حالت میں انکی رہائش گاہ سے برآمد ہوئی تھی۔ لاش سے بدبو آ
رہی تھی۔ پولس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ متوفیہ کے گلے پر چوٹ کے نشان بھی ملے ہیں ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے اسے گلا دبا کر ہلاک کیا گیا ہے ۔ اس کے کمرے سے اس کے روپئے پیسے اور قیمتی سامان غائب تھے ۔انہوں نے بتایا کہ متوفیہ کا سول لائن علاقے کے ایک ہوٹل مالک کے لڑکے اکرم کے ساتھ کسی معاملے پر دفعہ 376 کے تحت مقدمہ بھی چل رہا تھا۔اسما جاوید بلرام پور کی رہنے والی تھی۔ اس نے گزشتہ سال اے ایم یو سے اپنی پی ایچ ڈی مکمل کی تھی اور وہ اس وقت ہاتھرس سے بی ٹی سی کر رہی تھی۔پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے ، تاہم اب تک اس سلسلے میں کسی کی گرفتاری نہیں ہوپائی ہے ۔