لکھنؤ(نامہ نگار)نشاط گنج پل کے نیچے واقع اے سی کی دکان میں شارٹ سرکٹ کے سبب اچانک آگ لگ گئی آک کی زد میں آکر اے سی سلنڈر میں دھماکہ ہو گیا۔ دکان میں موجود چار لوگ سلنڈر کی زد میں آگئے جس سے وہ شدید طور سے زخمی ہو گئے۔ پولیس نے انہیں اسپتال میں داخل کرایا ہے۔
مہا نگر واقع کرامت مارکیٹ کے نزدیک ایک مسجد کے نیچے اے سی دکان ہے جہاں جمعرات کی شام اچانک شارٹ سرکٹ ہو گیا۔ شارٹ سرکٹ سے لگی دکان میں آگ سے وہاں پر رکھے اے سی اس کی زدمیںآگئے دکان میںموجود لوگوں نے آگ پر پانی ڈال کر قابو پانے کی کوشش کی لیکن آگ نے پوری دکان کو اپنی آغوش میں لے لیا تھا۔ دکان میںرکھے کئی اے سی آگ کا شعلہ بن کر جلنے لگے۔ کچھ ہی دیر میں اے سی کے سلنڈ رتک آگ پہنچ گئی جس سے زبردست دھماکہ ہو گیا سلنڈر پھٹنے کی آواز سن کر نزدیک کے دکانداروں میں افراتفری مچ گئی گئی لوگوں نے اس بات کی اطلاع پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کو دی۔ کچھ ہی دیر میں موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ
پر قابو پانا شروع کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ لگنے کے وقت دکان میں چار لوگ موجود تھے جو سلنڈر کی زد میں آئے اور شدید طور سے زخمی ہو گئے پولیس نے زخمیوں کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ اس وقت ہوا جب بارہ بنکی کے۲۱سالہ سرتاج احمد، علی گنج کے رہنے والے ۱۹سالہ رضوان احمد اور چنہٹ کے تکروہی کے ۲۱سالہ جاوید دکان میںکام کررہے تھے۔ سرتاج اے سی کے کمپریشر میں ویلڈنگ کر رہا تھا اور یہ دونوں کاپر کا کوائل بھر رہے تھے تبھی اچانک ویلڈنگ مشین میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی۔ ان لوگوں نے باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن کچھ ہی لمحوں میں سلنڈر پھٹ گیا اور وہ تینوں اس کی زد میںآگئے۔ سنگین حالت میں سرتاج، رضوان اور جاوید کو سول اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سرتاج تقریباً ۸۰فیصد جل گیا ہے اور اس کی حالت نازک ہے وہیں رضوان اور جاوید بھی ۵۰فیصد تک جھلس گئے ہیں۔