گورکھپور (نامہ نگار)بڑے شہروں میں لوگوں کے اکاؤنٹ کو ہیک کرکے نقلی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعہ ٹھگی کرکے سولہ لاکھ کی خریداری کرنے والے ایک گروہ کے چار لوگوں کو ممبئی پولیس نے گولہ اور کھنجی علاقوں سے حراست میں لے لیا ہے۔ ممبئی پولیس ملزمین کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد تحویل میں لیکر اپنے ساتھ ممبئی روانہ ہوگئی ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق ممبئی نیکی نگر ، قلابہ واقع سینٹر ل بینک سے لوگوں کے اکاؤنٹ کی معلومات حاصل کرکے اور ان کے پاسورڈ معلوم کرنے کے بعد نقلی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعہ مہاراشٹر ،دہلی ، بنگلور اور چنئی وغیرہ شہروں سے قیمتی سامان انٹرنیٹ کے ذریعہ خرید کر سامان منگوانے کی ٹھگی کرنے والے گروہ کی تلاش ممبئی پولیس کررہی تھی۔
گروہ کے لوگ سامان خریدتے وقت فرضی پتہ اور موبائل نمبر دیتے تھے
۔ ممبئی پولیس نے موبائل نمبر کو سرویلانس کی مدد سے معلوم کیا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے کرشنا پانڈے باشندہ کھجنی کو گرفتا کرلیا۔ کرشنا کی نشاندھی پر ممبئی پولیس نے گورکھپور پہنچ کر مقامی پولیس کی مددسے کھجنی کے باشندے ہری اوم کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا۔ وپن یادو، ششی کانت یادو، اور سجن شکلا کو گولہ واقع ان کے گھر سے گرفتار کرلیا۔سائبر جرائم کے تمام ملزمین کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد ممبئی پولیس مذکورہ ملزمین کو ریمانڈ پر لیکر ممبئی روانہ ہوگئی۔ مذکورہ گروہ نے ابھی تک مختلف شہروں کے ساٹھ لوگوں سے تقریباً سولہ لاکھ کے سامان کی خریداری کرکے ٹھگی کو انجام دیاہے۔