حیدرآباد:آندھراپردیش کے ضلع گنٹور کے تلورو منڈل کے ویلاگا پوڈی میں آندھراپردیش کے عارضی سکریٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیر کے کاموں کا وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو نے معائنہ کیا ۔
وجئے واڑہ میں بس بھون کے افتتاح کے بعد وہ عارضی سکریٹریٹ پہونچے ۔ حیدرآباد سے امراوتی تک اے پی کے ملازمین کی منتقلی کا وقت قریب ہونے کے پیش نظر سکریٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیر اور دیگر سہولتوں کا چندرا بابو نائیڈو نے معائنہ کیا ۔
حیدرآباد سے اے پی منتقل ہونے والے ملازمین کیلئے درکار سہولتوں کی تفصیلات سے بھی انہوں نے واقفیت حاصل کی ۔ سکریٹریٹ کے ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 27جون سے نئے سکریٹریٹ میں کام کرنا شروع کردیں ۔ دوسری طرف اے پی کے سکریٹریٹ کے ملازمین حیدرآباد سے امراوتی منتقل ہونے میں عدم دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔انہوں نے سرکاری اسٹاف کی جانب سے امراوتی میں سہولتوں کی عدم دستیابی کے الزام کی مذمت کی۔
انہوں نے ویلگاپوڑی میں 6عمارتوں کی تعمیر کا معائنہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سکریٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیر کے کام وقت مقررہ میں مکمل کرلئے جائیں گے ۔یہاں اسٹاف کو تمام درکار سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے اے پی کے محکمہ جات کی 27جون تک نئے دارالحکومت امراوتی منتقلی کے لئے روڈ میپ تیار ہوچکا ہے ۔فائلز اور دیگر ڈاٹا بروقت امراوتی پہنچ جائے گا۔