برلن ۔جرمن قومی فٹ بال چمپئن شپ بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے 26 ویں میچ ڈے کے اختتام پر بائرن میونخ کی ٹیم نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے بلکل سیزن کیچمپئن کے اعزاز سے صرف ایک فتح کی دوری پر ہے۔ہفتے کے روز ہونے والے ایک مقابلے میں بائرن میونخ نے مائنز کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر اپنی پہلی پوزیشن پر گرفت انتہائی مضبوط کر لی ہے اور لیگ کی چمپئن کا اعزاز اب تقریباً اس کے پاس آ ہی چکا ہے۔اس میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز دو میچ کھیلے گئے۔ ایک میچ میں لیورکوزن اور ہوفن ہائیم کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ اس میچ میں ہوفن ہائیم نے لیورکوزن جیسی مضبوط ٹیم کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اسے لیگ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر دھکیل دیا ہے۔ لیورکوزن کی گزشتہ نو میچوں میں یہ آٹھویں ناکامی تھی اور
اس طرح وہ دوسرے نمبر سے گرتی گرتی اب چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ اب اس کے پوائنٹس کی تعداد چوالیس ہے اور اس کے تیسرے نمبر پر براجمان ٹیم شالکے سے پوائنٹس کا فرق چھ کا ہو گیا ہے۔ادھر ہفتے کے روز ڈورٹمنڈ نے ہینوور کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن برقرار رکھی۔ اس میچ ڈے کے اختتام پر ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 51 ہیں تاہم کسی ایک میچ میں بھی خراب کارکردگی اسے دوسری سے تیسری پوزیشن پر پہنچا سکتی ہے، کیوں کہ تیسرے نمبر پر براجمان شالکے کی ٹیم کے 50 پوائنٹس ہیں۔مبصرین کا خیال ہے کہ لیگ کیچمپئن شپ اب قطعی طور پر بائرن میونخ کے پاس ہی ہو گی، تاہم اب اس سیزن میں باقی دلچسپی دوسرے نمبر کے حصول کے لیے ڈوٹمنڈ اور شالکے کی ٹیموں کے درمیان تگ و دو پر منتج ہو چکی ہے۔ ادھر اتوار کے روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں فرینکفرٹ نے اپنے مدمقابل نیورمبرگ کی ٹیم کے دو کے مقابلے میں پانچ گول کے واضح فرق سے شکست دے دی۔ واضح رہے کہ فرینکفرٹ کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 12ویں پوزیشن پر ہے۔ ادھر نیورمبرگ کی ٹیم اس 18 ٹیموں پر مشتمل لیگ میں اس وقت 17ویں پوزیشن پر ہے اور تنزلی کے خطرے سے دوچار ہے۔
لیگ میں نیورمبرگ کی یہ مسلسل چوتھی شکست تھی۔ نیورمبرگ اب بدھ کے روز اگلے میچ ڈے میں اشٹٹ گارٹ کا سامنا کرے گی، جو لیگ میں اس سے دو پوائنٹ اوپر ہے۔