بابا صدیقی قتل کیس کا سازشی ذیشان اختر کینیڈا میں گرفتار ممبئی پولیس کے مطابق جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے این سی پی لیڈر صدیقی کو قتل کرنے کا ٹھیکہ ذیشان اختر اور شبھم لونکر کو دیا تھا۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما بابا صدیقی کے قتل کے مبینہ مرکزی سازشی ذیشان اختر کو کینیڈا میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ جانکاری بدھ کو مہاراشٹر کے وزیر مملکت برائے داخلہ یوگیش کدم نے دی۔ ذرائع کے مطابق اختر (22) کو جعلی پاسپورٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ قدم نے ‘پی ٹی آئی-ویڈیو’ کو بتایا، “بابا صدیقی قتل کیس میں ملوث ذیشان کو کینیڈا میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ہم نے اسے ہندوستان واپس لانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ہم اسے واپس لانے کے بعد اس سے مزید پوچھ گچھ کریں گے۔”
ممبئی پولیس کے مطابق جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے این سی پی لیڈر صدیقی کو قتل کرنے کا ٹھیکہ ذیشان اختر اور شبھم لونکر کو دیا تھا۔ مہاراشٹر کے سابق وزیر صدیقی کو 12 اکتوبر 2024 کو باندرہ کے علاقے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ پولیس اس معاملے میں اب تک کم از کم 25 افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔