حیدرآباد:نظام آباد(تلنگانہ) لوک سبھا کے سابق کانگریسی رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ نے عامر خان کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان کے خلاف بی جے پی کے گروپس کے ذریعہ دھرنا کروانا مناسب بات نہیں ہے ۔ عامر نے وہی بات کہی ہے جو ان کی بیوی نے ان سے کی تھی ۔مدھو یاشکی گوڑ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بابری سے لے کر دادری تک بی جے پی آر ایس ایس کے اشاروں پر سیاست کررہی ہے ۔ دادری میں اخلاق کو گائے کا گوشت کھانے کے الزام پر قتل کردیا گیا۔ اس طرح کا ماحول ملک کیلئے ٹھیک نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بیرونی ممالک کے دورے کررہے ہیں اور وہ کبھی کبھار ملک واپس آجاتے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ وہ آر ایس ایس کے اشارے پر نہ چلیں ۔ ملک کے تمام شہریوں کو یہاں پر جینے کا یکساں حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ ماہ کی مودی حکومت میں ملک میں عدم رواداری میں اضافہ ہوگیا ہے جس پر فنکار اور مصنفین آواز اٹھارہے ہیں ۔ وزیر اعظم کو چاہئے کہ ان فنکاروں اور مصنفین کے من کی بات سنیں اور ملک کے عوام کو زبردستی طور پر اپنے من کی بات سنانے کی کوشش نہ کریں ۔