تاریخ سے پتا چلتا ہے کہ قدیم مصر اور یونان میں بادام کا استعمال صرف بادشاہوں اور امرا تک محدود تھا۔ عوام کی اس تک رسائی نہ تھی کیونکہ اسے متبرک میوہ کا مقام حاصل تھا۔ یونان کے مشہور حکیم ثافرسطس کی تالیفات میں بادام کا اکثر مقامات پر ذ
کر ملتا ہے۔ مصری آثارِ قدیمہ کی کھدائی کے وقت ماہرین کو ایسی صندوقچی ملی جس میں بادام محفوظ تھے، چنانچہ انھیں عراق کے عجائب گھر میں نمائش کے لیے رکھ دیا گیا۔ بادام کا تذکرہ انجیل میں بھی آیا ہے۔عباسی خلیفہ معتصم بااللہ نے سپین کے عیسائی حکمران فرڈی نینڈ کو تحفے کے طور پر بادام کی گریوں سے بنی شطرنج بھیجی تھی۔ بادام کو قدیم مسلمان مٹھائیوں اور حلوئوں کے علاوہ گوشت کی بعض اقسام میں استعمال کرتے تھے۔ برصغیر پاک وہند میںبادام کی پسندیدگی کا یہ عالم ہے کہ بادامی آنکھیں ہمارے شعرا کا محبوب و پسندیدہ موضوع ہے۔ بادام کو اردو ادب میں بطور تشبیہات استعمال کیا گیا۔ بادام صحت کے ساتھ ساتھ حسن کا بھی محافظ ہے۔ چہرے اور جلد پر اس کے تیل کی مالش سے نکھار اور چمک پیدا ہوتی ہے،اسی لییدنیا بھر کی خواتین اپنے حسن کی افزائش کے لیے روغنِ بادام کا استعمال کرتی ہیں۔ مختلف فارمولوں میں روغنِ بادام کا استعمال عام ہے۔ ذیل میں وہ طریقے درج ہیں جن کے ذریعے آپ بادام سے حسن میں اضافہ کرسکتی ہیں۔
بھورے تِل
اگر چہرے پر بھورے رنگ کے تل ہوں تو روغنِ بادام میں لیموں کا رس ملا کر چہرے پر لگائیں۔ اسٹل مین فریکل کریم بھی لگائیے۔ اس نسخے کے لگاتار استعمال سے جِلد تلوں سے پاک ہو جائے گی۔
سرخی مائل بال
اگر آپ کے بال سرخی مائل ہیں تو بالوں کو چائے کے پانی سے دھوئیں اور سکھا کر روغن بادام لگائیں۔ ان کا رنگ اور زیادہ خوبصورت ہوجائے گا۔ خشک بال
خشک بالوں کے لیے روغن بادام بہترین کنڈیشنر ہے۔ شیمپو کرنے سے پہلے سرپر روغن بادام کی مالش کریں، بال مضبوط اور چمک دار ہوں گے۔
لمبے بال
اگر ہفتے میں ایک بار روغن بادام اور گری کا تیل ملا کر بالوں کی مالش کریں تو بال لمبے ہو جاتے ہیں۔ تابناک چہرہ
جو خواتین اپنے چہرے پر باقاعدگی سے روغن بادام کی مالش کرتی ہیں، ان کی جلد کبھی ماند نہیں پڑتی۔ گلابوں جیسی رنگت و شگفتگی
اگر آپ چاہتی ہیں کہ چہرہ کھلتے گلاب اور سیب جیسی سرخی لیے ہوئے ہو تو کوئین آف شیبا فیس ماسک استعمال کیجیے جسے بنانے کا فارمولا یہ ہے
روغن بادام، روغن زیتون، شہد
یہ اشیا حسب ضرورت لے کر آمیزہ بنائیے۔پھر اس کا ماسک ہفتے میں 2 بار استعمال کریں۔ بالوں میں گانٹھیں
اگر بالوں میں بہت زیادہ گانٹھیں ہوں تو بال سلجھانا بہت مشکل کام لگتا ہے۔ اس مسئلے سے نجات کے لیے روغن بادام، روغن زیتون اور روغن ارنڈی کا ہم وزن آمیزہ بنا کر استعمال کریں،یہ آزمودہ نسخہ ہے۔ بالوں کی مضبوطی
روغن بادام، دودھ اور انڈہ بالوں کی مضبوطی کے لیے بہترین غذائی اشیا ہیں۔ آپ ہفتے میں 2 مرتبہ انڈے اور دودھ سے بال دھوئیں اور روزانہ رات کو بادام روغن سر پر ملیں، اس سے بال مضبوط نیز گرنا بند ہو جائیں گے۔ نازک مقامات پر سوزش
ہیئر ریموونگ پائوڈر اور کریمیں لگانے سے جلدکے نازک مقامات پر سوزش ہو جاتی اور داغ پڑ جاتے ہیں۔ اگر کریم استعمال کرنے کے بعد جلد پر روغن بادام لگایا جائے تو اس شکایت کا ازالہ ہوجائے گا۔ شبینہ کریم
سردیوں کے خشک موسم میں اگر آپ روغن بادام اور بالائی کا آمیزہ بطور شبینہ کریم استعمال کریں تو جلد تروتازہ اور شگفتہ ہوجاتی ہے۔
ہونٹوں کی رنگت
اگر ہونٹوں کی رنگت سیاہی مائل ہو گئی ہو تو پریشان نہ ہوں۔ سوتے وقت روغن بادام میں عرق لیموں ملا کر ہونٹوں پر لگائیں۔
چہرے کی چمک
چہرے پر چمک لانے کے لیے عرق گلاب سے منہ دھوئیے۔اس کے بعد رات کو روغن بادام کی مالش کرکے سوجائیے۔ چہرے پر چھائیاں
یہ خواتین کی عام شکایت ہے۔ اگر آپ اس سے چھٹکارا چاہتی ہیں تو روغن بادام کی اکثر مالش کیا کریں۔ گھٹائوں جیسے بال
اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کے بال کالی گھٹائوں جیسے شاعرانہ اور کمر تک لمبے ہو جائیں تو اس کے لیے 4 ہفتوں کا کورس نہایت توجہ سے کریں:
پہلا ہفتہ : بالوں کو دودھ اور بیسن سے دھو اور سکھا کر روغن بادام لگائیں۔
دوسرا ہفتہ : سر کو ریٹھے کے جھاگ سے دھوئیے اور سکھا کر روغن بادام لگائیں۔
تیسرا ہفتہ : سر کو آملے کے پانی سے دھوئیے اور سکھا کر روغن بادام لگائیں۔
چوتھا ہفتہ : شہد اور انڈوں کا آمیزہ خوب پھینٹیں، یہاں تک کہ صابن کی طرح جھاگ ہوجائے، اسے پھر بالوں میں لگائیں۔ اس فارمولے سے بال کالے سیاہ اور لمبے ہوجائیں گے۔
چکنے بال
انڈوں(4) کی زردی اور سفیدی خوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔ آمیزہ بالوں میں جڑوں تک لگائیں اور پھر دھو ڈالیں۔ بال سوکھنے پر سر میں روغن بادام لگائیں۔ آپ کے بالوں میں بلا کی چمک پیدا ہوگی۔
لاجواب ابٹن
بادام کے ساتھ ساتھ اس کی کھلی بھی بڑے کام کی چیز ہے، اسے معمولی سمجھ کرمت پھینکیں۔ بادام کی کھلی پائو بھر، ہلدی ایک تولہ، مجیٹھ ایک تولہ، چھڑیلہ ایک تولہ باریک پیس کر آپس میں خوب اچھی طرح یک جان کرلیں۔ یہ جلد کے لیے نہایت عمدہ ابٹن ہے۔ اس سے جلد کا کھردرا پن، بدبو دار پسینہ، داغ دھبے، جھریاں وغیرہ دور ہو کر رنگت نکھرتی اور خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس ابٹن کو آپ خود بنا کر فروخت بھی کر سکتے ہیں۔
زبردست کنڈیشنر
ایک پیالی شہد میں ایک ہی پیالی روغن بادام ملا لیں۔ ساتھ ہی کھانے والا ایک چمچہ گلیسرین اور سرکہ ملا کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ پھر سر میں لگا کر پندرہ بیس منٹ بعد دھو ڈالیں۔ یہ کنڈیشنر ہر قسم کے بالوں کے لیے مناسب ہے