حیدرآباد:تلنگانہ میں پیاز کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کے آنکھوں میں آنسو لادیئے ہیں۔ تلنگانہ میں خریف کے موسم میں بارش کی کمی کے سبب اس کی پیداوار میں کمی آئی ہے جس کے سبب قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ پیداوار میں کمی سے کسان پریشان ہیں ۔ اگر ایسی ہی صورتحال برقرار رہی تو پیاز کی پیداوار کرنے والے کسانوں کی حالت قابل رحم ہوجائے گی ۔ ایک ایکڑ اراضی پر پیاز کی پیداوار پر 40تا 50ہزار روپئے کا خرچ آتا ہے ۔
ہر سال چھ ہزار تا سات ہزار ہیکٹر اراضی پر پیاز کی پیداوار کی جاتی ہے تاہم خریف کے موسم میں بارش نہ ہونے اور بورویلس و بولیوں کے خشک ہونے کے سبب پیاز کی فصل متاثر ہوئی ہے ۔
کسانوں کی جانب سے جو پیاز اگائی گئی ہے اسے کسانوں سے کم قیمت میں خرید کر درمیانی افراد زیادہ قیمت پر فروخت کررہے ہیں ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے ریاست کے رعیتو بازاروں میں پیاز کی فروخت کے مراکز قائم کرتے ہوئے ہر خاندان کو 20روپئے کلو کے حساب سے دو کلو پیاز فروخت کی جارہی ہے تاہم اس بات کی بھی اطلاعات ہیں کہ رعیتو بازاروں میں تاجروں کی جانب سے 40تا 50روپئے فی کلو کے حساب سے پیاز فروخت کی جارہی ہے ۔ کسانوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسی ہی صورتحال ان کیلئے برقرار رہی تو وہ اپنے خاندانوں کے ساتھ نقل مکانی کیلئے مجبور ہوجائیں گے ۔