کانپور (نامہ نگار )گزشتہ تین دنوں سے جاری بارش کے سبب گھنی آبادی والے علاقوں اور سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرناپڑرہاہے۔ سڑکوں پر بارش کا پانی اور نالیوں کا پانی جمع ہوگیا۔ پریڈ کے قادری ہاؤس وپیج باغ میں احاطہ کے راستے پر پانی جمع ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے سڑک پر آمدو رفت بند ہوگئی ہے۔ لاٹوش احاطہ میں رہنے والے لوگ گندے پانی سے ہوکر گذرنے پر مجبور ہیں جبکہ کارپوریشن کا عملہ لوگوں کو جمع پانی سے نجات دلانے میں ناکام ہے۔ عوامی نمائندے بھی اس مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ پانی جمع ہونے سے سینٹرل اسٹیشن پر بھی مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ سرنگ کے راستے میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے۔ مصروف ترین جوہی پل کے نیچے گزشتہ تین دنوں سے پانی بھرا ہواہے جس کی وجہ سے اسکوٹر چلانے والوں کو پانچ کلومیٹر کے طویل راستے سے گھوم کر جانا پڑ رہاہے۔
بارش کے سبب سڑکیں گڈھوں میں تبدیل ہوری ہیں۔ آریہ نگر چاندنی نرسنگ ہوم، بی آئی پی روڈ پر جگہ جگہ سڑکیں دھنس گئی ہیں۔