بارہ بنکی (نامہ نگار)اسٹیشن ماسٹر این این اوستھی کی صدارت میں ریلوے اسٹیشن ترقیات کمیٹی کا ایک جلسہ منعقد ہوا۔ جلسہ میں ضلع کے معزز افراد نے کمیٹی کے ارکان کی موجودگی میں کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر مختلف پریشانیوں کے سلسل
ہ میں کیمپ لگایا جائے گا۔تاکہ اسٹیشن پر آنے جانے والے لوگوں کو بیدار کیا جاسکے۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے رکن ونے کمار سنگھ نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن کے باہر غیر قانوی طریقے سے کھڑی ہونے والی گاڑیوں اور اسکوٹروں پر روک لگائی جائے اور گاڑیوں کو مناسب جگہ پر کھڑا کرنے کی سہولت دی جائے۔
انہوں نے اسٹیشن کی صفائی کو بہتر بنانے کے لئے لوگوں کو بیدار کیا۔ مسافروں کی پریشانیوں پر توجہ دیتے ہوئے اسٹیشن احاطہ میں ایک عوامی رابطہ مرکزقائم کرنے کی بھی انہوں نے اپیل کی۔ مرکز لوگوں کو سفر کے دوران ہونے والی پریشانیوں سے نجات دلا سکے گا۔جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے سراج اعظم نے کہا کہ اسٹیشن پر ہیلپ لائن کی بھی ضرورت ہے کیونکہ اکثر اسٹیشن کا ٹیلفیون مصروف رہنے کے سبب لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے۔ جلسہ میں آوارہ مویشیوں پر روک لگانے اور اسٹیشن احاطہ میں ان کے داخلہ پر روک لگانے کے لئے کاؤنسلر کے نمائندے دیوندر پرتاپ سنگھ گیانو نے کہا کہ اس مطالبہ پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آوارہ مویشیوں کا کانجی ہاؤس بھیجنے کا بندوبست یقینی بنایا جائے گا۔
مقامی شہری راج ناتھ شرما نے کہا کہ اسٹیشن احاطہ کے باہر کوڑے کے انبار کو مناسب جگہ پر پھینکنے کا بندوبست کیا جانا چاہئے اور اسٹیشن تک جانے والی سڑک کو مقامی رکن پارلیمنٹ ، رکن اسمبلی فنڈ سے تعمیر کرانے کے لئے ایک تجویز تیار کی جانی چاہئے۔ جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے اسٹیشن ماسٹر این این اوستھی نے جلسہ میں موجود کمیٹی کے ارکان کے مسائل کو توجہ سے سنا اور جلسہ میں موجود متعلقہ افسران وملازمین کو ہدایت کی کہ وہ کمیٹی کے ارکان سے رابطہ کرتے ہوئے اسٹیشن کو مثالی اسٹیشن بنانے کی سمت میں قدم اٹھائیں۔ جلسہ میں کمیٹی کے رکن سمیر سنگھ،عثمان قدوائی ، سشیل مشرا، ندیم صدیقی کے علاوہ ببلوخان،سب انسپکٹر ونے شرما وغیرہ موجود تھے۔