انتظامیہ نے شر پسندوں پر کاروائی کے بجائے بے گناہوں پر زیادتی کی ،پولس جانب داری کا برتائو بند کرے
لکھنؤ ۱۷ جنوری : بارہ وفات کے دن شہر کے مختلف علاقوں میں ہوئی بد نظمی اور معاہدہ کی خلاف ورزی کے سلسلے میںبیان دیتے ہوئے مجلس علماء ہندکے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ ’’ بارہ وفات کو شہر کے مختلف علاقوں سے انجمنیں جھنڈے کھول کر لے گئیں اور اشتعال انگیز نعرہ بھی لگائے ۔یہ معاہدہ کی خلاف ورزی کے ساتھ شہر کے امن کی فضاکو خراب کرنے کی سازش بھی تھی ۔مولانا نے انتظامیہ کے جانب دارانہ رویہ پر اپنی ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ’’ جس وقت گلی محلوں سے انجمنیں جھنڈے کھول کی لے جارہی تھیں اور اشتعال انگیز نعرہ لگارہی تھیں اس وقت مقامی لوگوں نے پولس کو اس طرف متوجہ کیا اور معاہدہ کی خلاف ورزی کی بات رکھی مگر پولس نے شرپسندوں کی لگام کسنے کے بجائے متوجہ کرنے والے لوگوں پر بھی زیادتی کی ۔خاص طور پر مولانگر رستم نگر میں جب شیعوں نے پولس کو معاہدہ کی خلاف ورزی کی یاد دلائی اور کھلے جھنڈوں کو دکھاتے ہوئے پولس سے مناسب کاروائی کے لئے کہا تو پولس نے شر پسندوں کے خلاف کاروائی نہ کرکے جانب داری کا ثبوت دیتے ہوئے شیعوں پر ہی زیادتی کی اور لاٹھیاں برسائیں ۔مولانا نے مزید کہاکہ ’’ انتظامیہ کی موجودگی میں اگر ایسا ہوتاہے تویہ انتہائی افسوس ناک ہے ۔جس وقت اشتعال انگیز نعرہ لگائے جارہے تھے اور لوگوں کے جذبات کو بر انگیختہ کیا جارہاتھا پولش تماشائی بنی ہوئی تھی ۔