لکھنو ¿:رمضان کا مہینہ اللہ کی رحمت اور برکت کا مہینہ ہے۔ سورج کی تیز تپش اور جھلسا دینے والی گرمی میں رمضان کا مقدس مہینہ بازار کیلئے بھی رحمت بن کر آیا ہے۔ سخت گرمی اور تپش کے باوجود بازار رمضان میں دن کی طرح ہی رات میں بھی گلزار رہتے ہیں۔ جگہ جگہ آراستہ دکانوں پر لوگ اپنی پسند کے سامان خریدتے نظر آتے ہیں تو دوسری جانب ہوٹلوں میں خاصی بھیڑ نظر آتی ہے۔ نان ویج ہوٹلوں کے باہر لوگ اپنی باری کا انتظار کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ رمضان آتے ہی روزہ داروں کے ساتھ ہی قدیم شہر کے بازاروں کا مزاج بھی بدل جاتا ہے۔ رات دس بجے تک بند ہونے والی د کانیں دیر رات تک گاہکوں سے بھری رہتی ہیں ۔ چوک کے اکبری گیٹ، نخاس، وکٹوریہ اسٹریٹ، امین آباد اور نظیر آباد میں دن سے زیادہ رات میں بھیڑ رہتی ہے۔ ابھی رمضان کا آغاز ہی ہوا ہے لیکن لوگوں کی بھیڑ لگنا شروع ہو گئی ہے کوئی سحری اور افطار کیلئے خریداری کررہاہے تو کوئی اپنے ننھے بچوں کی روزہ کشائی کا سامان خریدنے میں مشغول ہے۔ اس درمیان خریداری کی تکان اور گرمی کی راحت دینے کیلئے لوگ لسی ،کولڈ ڈرنک کا سہارا لے رہے ہیں۔ وہیں گھر کے کھانے سے الگ کلچہ نہاری ، بریانی، سیخ کباب شیرمال، کباب، شاہی ٹکڑے اور کھیر وغےرہ کا لطف بھی جم کر اٹھا رہے ہیں۔
عبادت کا ملتا ہے کئی گنا ثواب :- رمضان کے مہینہ میں عبادت کا کئی گنا ثواب ملتا ہے اسی لئے روزہ دار اس ماہ میں اپنا زیادہ سے زیادہ وقت اپنے رب کی عبادت میں اس کی رضا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ شہر کے مختلف مساجد میں سوا پارہ سے لیکر پانچ پارے تک کی تراویح کی نماز اداکی جا رہی ہیں۔ اس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شامل ہوتے ہیں۔ وہیں کئی مساجد میں درس قرآن کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگ شامل ہو رہے ہیں۔ درس قرآن میں علماءقرآن کی تلاوت کے صحیح طریقہ سے لیکر قرآن کی آیتوں کا مطلب اور دین سے جڑی باتیں بتا رہے ہیں۔