لکھنؤ، 10 اپریل (یو این ائی) اترپردیش میں باغپت پارلیمانی حلقے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار اور ممبئی کے سابق پولیس کمشنر ستیہ پال سنگھ پر آج بڑوت علاقے میں کچھ لوگوں نے حملہ کردیا جس سے وہ معمولی طور پر زخمی ہوگئے۔ باغپت کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیل کمار سنگھ نے بتایا کہ مسٹر سنگھ اپنے حامیوں کے ساتھ لوئین گاؤں کے پولنگ سنٹر پر جارہے تھے تبھی وہاں موجود کچھ لوگوں نے ان پر حملہ کردیا۔ مسٹر سنگھ کو معمولی چوٹ آئی ہے۔ گاؤں میں انہیں زبردست احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔اسبات کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس حملے کے پیچھے راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے کارکنوں کا ہاتھ تھا۔ باغپت حلقے سے آر ایل ڈی کے صدر چودھری اجیت سنگھ بھی الیکشن لڑرہے ہیں۔ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ فوری طور پر اس واردات کی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی ہے۔ لیکن اس معاملے کی انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ موقع پر پولس فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔