لکھنؤ۔:۔ حکومت اترپردیش نے وزیر برائے شہری ترقیات و پارلیمانی امور محمد اعظم خاں کے اسٹاف میں سے ۷ ملازمین کو فرد جرم تعمیل کرا دیا گیاہے حالانکہ ان کو آئندہ احکامات تک سکریٹریٹ کے مرکزی سیکشن سے پہلے ہی وابستہ کر دیا ہے۔ سکریٹری برائے سکریٹریٹ انتظامیہ اروند نرائن مشرا نے بتایا کہ کابینی وزیر محمد اعظم خاں کے نجی اسٹاف میں سکریٹریٹ خدمات کے ملازمین کی نئی تعیناتی کی جا رہی ہے۔ نجی اسٹاف میں تعینات سکریٹری جیون سنگھ نیگی، وجے بہادر سنگھ، ایڈیشنل سکریٹری محمد نعیم صدیقی، اودھیش کمار تیواری، سنتوش کمار پرجاپتی، مکتی ناتھ جھا، ایڈیشنل نجی سکریٹری سرویش کمار مشرا نے غیر قانونی طور سے بغیر کسی حکم نامہ گزشہ ۳۰؍اکتوبر کو مرکزی سیکشن میں خود جوائننگ کر لی تھی اور کابینی وزیر کے دفتر میں سرکاری دستاویز غیر محفوظ چھوڑ دیئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح ملازمین نے اپنے فرائض سے کوتاہی برتتے ہوئے سکریٹریٹ اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ جاتی تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس پورے معاملہ کی جانچ پرنسپل سکریٹری برائے صنعت راہل بھٹناگر کو دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان تمام ملازمین کو فرد جرم جاری کرتے ہوئے آج اس کو تعمیل کرا دیا گا۔ دوسری طرف کابینی وزیر محمد اعظم خاں کے دفتر میں ریاسی حج کمیٹی کے افسران و ملازمین فوری طور پر کام دیکھ رہے ہیں۔