بلاشبہ دنیا کے ہرکونے میں فلمیں بنتی اور دیکھی جاتی ہیں بلکہ شائقین فلم ان کے آنے کا مہینوں انتظار کرتے ہیں۔ان فلمی صنعتوں میں سے ہالی وڈ اور بالی وڈ کو بڑی شہرت حاصل ہے ، اگرچہ ہمارے ہاں بھی لالی وڈ کے نام سے فلمی صنعت قائم ہے مگر بدقسمتی سے یہ وہ مقام نہیں بنا سکی جیسا ہالی وڈ اور بالی وڈ کو حاصل ہے۔یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ہمارے ہاں جسے فلم کی الف ب سے بھی واقفیت نہیں ہوتی وہ فلم ساز اور ہدایتکار بن جاتا ہے۔ ہماری فلمی صنعت جس حال کو پہنچی ہے اس میں کاروباری لوگ زیادہ گھس بیٹھے ہیں جو فن کے بجائے روپے پیسے کی پوجا کرتے ہیں۔اگر دنیا میں موجودہ فلمی صنعت کی بات کرتے ہیں تو اس بات کا اعتراف کرنا پڑے گا کہ ہمارے ہمسایہ ملک میں اس شعبے میں بہت کام کیا گیا ہے۔ بھارت میں فنکاروں نے بڑی محنت سے اس فن کی آبیاری کی ہے۔ بڑے بڑے سپر سٹارز نہ صرف خود محنت کرکے بام عروج تک پہنچے ہیں بلکہ وہ اپنے بچوں کو بھی اس فیلڈ میں لے کر آئے ہیں۔
ہندوستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری اور کمائی کی وجہ سے فلمی صن
عت نے باقاعدہ ایک وراثت کا روپ دھار لیا ہے جو سپر سٹارز اپنے بچوں کو منتقل کرتے ہیں، کہنے کو تو یہ فن کی منتقلی ہے مگر اس کے ساتھ جڑی کروڑوں اور اربوں کی آمدن ہی اصل وجہ ہے۔ بالی وڈ میں راج کپور، امیتابھ بچن ، دھرمیندر، سنیل دت ، انیل کپور، شرمیلا ٹیگور ، شتروگھن سنہاجیسے بڑے بڑے نام ہیں جن کے بچے آج بالی وڈ پر راج کررہے ہیں۔
کپور فیملی کی بات کی جائے تو وہ آج بھی بالی وڈ پر راج کر رہی ہے۔ راج کپور سے شروع ہونے والے فن کے اس سلسلے کو پہلے ان کے بیٹے رشی کپور اور رندھیر کپور نے آگے بڑھایاجسے آج بھی کرشمہ کپور ،کرینہ کپور اور رنبیر کپور برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ شو مین کے نام سے مشہور راج کپور نے ایک عرصے تک فلم انڈسٹری پر راج کیا۔ راج کپور نے بطور اداکار ، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کے کام کیا۔ انہوں نے نہ صرف انڈیا میں بہت سے ایوارڈ جیتے بلکہ بیرون ملک بھی کئی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئے۔ ان کی فلموں کو ایشیا کے ساتھ ساتھ یورپ میں بہت پزیرائی ملی۔ انہیں نیشنل فلم ایوارڈز ، فلم فیئر ایوارڈز ، پدما بھوشن اور داصاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کے دوبھائیوں شمی کپور اور ششی کپور نے بھی فلم انڈسٹری میں اپنے جوہر دکھائے۔آج کل کرینہ کپور اور رنبیر کپور نے فلم انڈسٹری میں قدم جمائے ہوئے ہیں۔فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد سے اس پر جو شخص راج کر رہا ہے اس کا نام امیتابھ بچن ہے۔ امیتابھ بچن ، ان کی اہلیہ جیا اور بیٹے ابھیشک بچن نے فنی زندگی میں خوب نام کمایا ہے۔ امیتابھ بچن نے ستر کی دہائی میں اینگری ینگ مین کے نام سے شہرت پائی۔ان کا فنی کرئیر چار دہائیوں پر محیط ہے۔ ان کا شمار بھارتی سینما کے سب سے زیادہ بااثر فنکاروں میں ہوتا ہے۔ ستر اور اسی کی دہائی میں انہوں نے تن تنہا راج کیا۔ انہوں نے متعدد ملکی اور غیر ملکی ایوارڈز اپنے نام کیے۔ امیتابھ نے اداکاری کے علاوہ پلے بیک سنگر ، فلم پروڈیوسر اور ٹی وی میزبان کے طور پر بھی کام کیا۔ امیتابھ نے ہندی فلموں کے علاوہ ہالی وڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ طویل عرصے تک فلم نگری پر حکومت کرنے کے بعد امیتابھ نے اپنے بیٹے ابھیشک کو فلم انڈسٹری کی راہ دکھائی۔ ابھیشک کو شروع شروع میں تو کوئی خاطر خواہ رسپانس نہ ملا تاہم بعد میں انہوں نے کئی ایک اچھی فلمیں دیں۔ فلمی دنیا میں آنے کے بعد ہی انہوں نے بالی وڈ حسینہ ایشوریا رائے سے شادی کی۔ شاید وہ اس انڈسٹری میں نہ آتے تو ان کی شادی ایشوریا سے نہ ہو پاتی۔شرمیلا ٹیگوراپنے دور کی خوبرو اداکارائوں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے ہندی سینما کو بہت سی لازوال فلمیں دیں۔ فلموں میں اداکاری کے علاوہ انہوں نے انڈین فلم سنسر بورڈ میں بھی کئی سال تک خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے فنی کرئیر کا آغاز بطور ماڈل وایکٹریس کے کیا اور جوانی کے دور میں ہی نواب منصور علی خان سے شادی کرلی۔ انہوں نے فلمی کریئر کا آغاز 1959ء میں کیا۔ ان کی فلم کشمیر کی کلی کو بہت شہرت حاصل ہوئی۔ سب سے پہلے انہوں نے ہی فلم ایوننگ ان پیرس میں بکنی شوٹ سے شہرت پائی اور بعد میں آنے والی ہیروئنوں پروین بوبی ، زینت امان او ر ڈمپل کپاڈیا نے ان کی تقلید کی۔ شرمیلا ٹیگور نے ہندو سے مسلمان ہونے کے بعد اپنا نام عائشہ سلطانہ رکھ لیا۔ ان کے تین بچے ہیں جن میں سیف علی خان ، سوہا علی خان اور صبا علی خان ہیں۔ ان میں سیف اور سوہا علی خان فلموں میں کام کر رہے ہیں۔ اس طرح سے شرمیلاٹیگور نے اپنے دونو ں بچوں کو فلموں میں آنے سے نہیں روکا اور وہ آزادی سے فلموں میں کام کررہے ہیں۔بھارتی فلم انڈسٹری میں پروڈیوسر ،ڈائریکٹر اور ایکٹر کی حیثیت سے شہرت پانے والے راکیش روشن کا اپنا ایک مقام ہے۔ انہیں فلموں میں ’’کے‘‘ سے شروع ہونے والی فلمیں بنانے کی حیثیت سے خوب پذیرائی ملی۔ پنجابی فیملی میں آنکھ کھولنے والے راکیشن روشن کا تعلق میوزک گھرانے سے تھا۔ نہ صرف انہوں نے خود فلموں میں شہرت پائی بلکہ وہ اپنے بیٹے ہریتک روشن کو فلموں میں لے کر آئے جس نے کئی فلموں میں یادگار رول کیے۔ راکیش روشن نے اپنے کرئیر کے دوران کوئی ساٹھ سے زائد فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے انیس سو اسی میں فلم کرافٹ کے نام سے پروڈکشن کمپنی بنائی اور پہلی فلم آپ کے دیوانے دی۔ انہوں نے اس کے بعد متعدد باکس آفس فلمیں دیں۔ اپنے بیٹے کو بطور ایکٹر دوہزار میں فلم کہو نا پیار ہے سے متعارف کرایا۔ فلم نے کسی بھی فلم سے زائد ایوارڈز حاصل کیے۔ اس کے بعد انہوں نے کوئی مل گیا اور سائنس فکشن فلم کرش پر کام کیا جو بہت زیادہ کامیاب رہیں۔بھارتی سینما پر ایک عرصہ تک راج کرنے والے فلمی جوڑے دھرمیندر اور ہیما مالنی نے اپنے بچوں کو فلمی لائن میں آنے کے لیے حوصلہ افزائی کی۔ دھرمیندر نے کوئی لگ بھک دوسو ستاسی فلموں میں فنکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ وہ فلم نگری میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والے اداکاروں میں شامل رہے۔ انہیں ’’ہی مین‘‘ اور ’’ایکشن کنگ‘‘ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ فلم شعلے نے ان کو فن کی بلندیوں تک پہنچا دیا جس کے بعد انہوں نے مڑ کر نہیں دیکھا۔ وہ بہار ریاست سے لوک سبھا کے رکن بھی رہے۔ سکھ فیملی سے تعلق رکھنے والے دھرمیندر نے اپنے وقت کی شہرہ آفاق ہیروئن ہیما مالنی سے شادی کی جن سے ان کے چار بچے سنی دیول ،بوبی دیول ، ایشا دیول اور آہنہ دیول ہیں۔ چار بچوں میں سے تین یعنی سنی دیول ، بوبی دیول اور ایشا دیول نے فلم نگر میں انٹری دی اور ان کی کئی فلمیں کامیاب ہوئیں۔مسٹر انڈیا کے نام سے فلمی صنعت میں شہرت پانے والے انیل کپور بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے اور ا نہوں نے بھی اپنی بیٹی سونم کپور کو فلموں میں پرموٹ کیا۔ انیل کپور نے بطور ایکٹر اور پروڈیوسر نام کمایا اور بہت سی ہندی فلموں کے ساتھ انٹرنیشنل فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کا کرئیر کوئی تیس سال پر محیط ہے۔ ایکٹنگ کے علاوہ انہوں نے فلم گاندھی:مائی فادر کے نام سے پروڈکشن دی۔ وہ اسی کی دہائی میں فلمی دنیا پر چھائے رہے۔ انہوں نے 1980ء میں تیلگو فلم ’’ وامسا روکشم‘‘سے کریئر کا آغاز کیا جو بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ انہیں صحیح معنوں میں تیزاب نے فن کی بلندیوں پر پہنچایا جس کے بعد بیٹا نے انہیں مزید شہرت دی۔ اس کے بعد انہوں نے بہترین کارکردگی پر کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔ انٹرنیشنل کرئیر کا آغاز انہوں نے دوہزار آٹھ میں فلم سلم ڈاگ ملینیئر سے کیا۔ بونی کپور اور سنجے کپور ان کے بھائی جبکہ ارجن کپور ان کے بھتیجے ہیں۔ انیل کپور کی بیٹی سونم کپور نے کئی فلموں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے سانوریا سے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور حال میں ہی ایک اور فلم رانجھا میں بھی کاسٹ ہوئی ہیں جس کا اچھا رسپانس ملا ہے۔شتروگھن سنہا اپنے دور کے کامیاب ترین ایکٹر رہے ہیں۔ فلموں میں کام کے علاوہ وہ ایک کامیاب سیاستدان بھی رہے ہیں۔ راجیا سبھا کے رکن ہونے کے علاوہ وہ ہیلتھ اور فیملی ویلفیئر کے وزیر بھی رہے ہیں۔ ان کی بیٹی سوناکشی سنہا نے باپ کی طرح فلموں میں خوب نام کمایا اور آج کل وہ فلموں میں کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی ہیں۔ شتروگھن سنہا نے سابق مس انڈیا پونم سنہا سے شادی کی۔شترو کو دیو آنند کی فلم پریم پجاری میں ایک پاکستانی ملٹری آفیسر کے کردار سے کرئیر شروع کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے بہت سی فلموں میں معاون اداکار کا رول کیا جس میں ان کے کام کو بہت سراہا گیا۔ ان کو غیر روائتی اداکاروں میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔ دوہزار آٹھ میں وہ گریٹ انڈین لافٹر چیلنج میں جج بھی رہے۔ شترو ،شیکھر ثمن کو ہرا کر بہار سے عام انتخابات جیتے۔ ان کے پاس ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر اور شپنگ کے قلمدان رہے۔ اپنے کام کی وجہ سے انہوں نے بہت سے ایوارڈ جیتے۔جہاں تک بھارتی فلموں میں کریکٹر رول کرنے کا سوال ہے تو اس میں اداکار سریش اوبرائے نے خوب نام کمایا۔ کوئٹہ پاکستان میں پیدا ہونے والے اداکار نے فنی کرئیر میں کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔ انہوں نے تقریباً ایک سو پینتیس فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے رومانوی اور فلسفیانہ شاعری بھی کی۔ ان کے بیٹے ویوک اوبرائے بھی فلموں میں آئے اور فلم کمپنی سے کریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے اس فلم پر بیسٹ میل ڈبیو اور بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
بالی وڈ میں رواں سال کے سب سے زیادہ اثاثے رکھنے والے فنکار: بھارتی فلم انڈسٹری اپنے اداکاروں ، موسیقاروں اور نغمہ نگاروں کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہے۔ انیس سو اسی کے بعد فلم نگری نے دن دگنی رات چوگنی ترقی کی۔ بھارت میں فلم اور ٹی وی انڈسٹری ریونیو اکٹھا کرنے کا ایک بہت بڑا ذریعہ بن گیا ہے۔ لوگ اتنی کتابیں نہیں پڑھتے جتنی فلمیں اور ٹی وی سیریز دیکھتے ہیں۔ بالی وڈ میں بڑے بڑے بجٹ کی فلمیں بننا شروع ہوگئی ہیںاور ہالی وڈ اداکاروں نے بھی ادھر کا رخ کرلیا ہے۔ بالی وڈ میں امیر ترین اداکاروں میں سب سے پہلا نمبر بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کا آتا ہے۔شاہ رخ خان شائقین کے سب سے فیورٹ ایکٹر ہیں۔ ان کے اثاثوں کی ملکیت 310 ملین امریکی ڈالر ہے۔ ان کے بعد دوسرے نمبر پر بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ ہیں۔ وہ اتنے قد کاٹھ کے مالک تو نہیں ہیں تاہم ان کے اندر کی فنکارانہ صلاحیتوں نے انہیں صف اول کے بھارتی اداکارائوں میں لاکھڑا کیا ہے۔ان کی شہرت کو دیکھ کر یونیسف نے انہیں اپنا سفیر مقرر کیا۔ ان کے کل اثاثوں کی ملکیت 180 ملین امریکی ڈالر ہے۔ اثاثوں کے لحاظ سے بالی وڈ کے چارمنگ ہیرو سلمان خان تیسرے نمبر پر ہیں۔ انڈسٹری میں انٹری مارتے وقت وہ بہت دبلے پتلے تھے تاہم اب ان کی شہرت ایک باڈی بلڈر کی ہے۔ ان کی فیملی میں ان کے باپ سلیم خان ،بھائی ارباز اور سہیل خان اور سسٹر ان لاء ملائیکہ اروڑا شامل ہیں۔ ان کے مالی اثاثے 100 ملین ڈالر ہیں۔ چوتھے نمبر پر خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار ہیں۔ انہوں نے فلمی کرئیر ایک سٹنٹ مین کی حیثیت سے شروع کیا۔ وہ آج بھی سٹنٹ خود کرتے ہیں۔ ان کے اثاثوں کی مالیت 65 ملین امریکی ڈالر ہے۔پانچواں نمبر بگ بی کا ہے۔ وہ حقیقت میں لیجنڈ ہے جو دہائیوں سے فلم نگری پر راج کررہے ہیں۔ ان کی فیملی کو بالی وڈ کی امیر ترین فیملی کہا جاتا ہے۔ ان کے کل اثاثوں کی مالیت 50 ملین امریکی ڈالر ہے۔ چھٹے نمبر پر اجے دیوگن ہیں ان کے اثاثے 30 ملین امریکی ڈالر ہیں۔ ساتویں نمبر پر اس وقت ہریتک روشن ہیں۔ ان کے اثاثے بھی 30 ملین امریکی ڈالر ہیں۔ آٹھویں نمبر پر سنجے دت موجود ہیں جن کے اثاثے 10ملین امریکی ڈالر ہیں۔ ان کے فلموں میں منفی رول کو بڑا پسند کیا جاتا ہے۔ نویں نمبر پر سیف علی خان جبکہ دسویں نمبر پر رنبیر کپور موجود ہیں۔