ممبئی(ایجنسی)بالی ووڈ میں دبنگ گرل کے نام سے مشہور اداکارہ سوناکشی سنہا آج اپنی۲۷ویں سالگرہ منارہی ہیں۔۱۹۸۷ء کو آج ہی کے روز ریاست بہار کی دارالحکومت پٹنہ میں بالی ووڈ اداکار اور سیاستداں شتروگن سنہا کے گھر پیدا ہونے والی سوناکشی نے اپنی ابتدائی تعلیم ممبئی میں حاصل کی، اسی شہر سے انہوں نے فیشن ڈیزائننگ میں گریجویشن کررکھا ہے۔۲۰۰۵ء میں انہوں نے بالی ووڈ میں بحیثیت کوسٹیوم ڈیزائنر قدم رکھا اس سلسلے میں ان کی پہلی فلم ’’میرا دل کر دیکھو‘‘ تھی۔ بعد ازاں انہوں نے ماڈلنگ شروع کردی۔ بالی ووڈ میں نئے چہروں کو متعارف کرانے کے حوالے سے مشہور سلمان خان نے انہیں بحیثیت اداکارہ فلموں میں کام کرنے کا مشورہ دیا اور ۲۰۱۰ئمیں سلو میاں ہی کے ہمراہ ان کی پہلی فلم ’’دبنگ‘‘ ریلیز ہوئی۔ فلم کی شاندار کامیابی نے کئی اداکاراؤں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
آئندہ جمعہ کو ان کی فلم ’’ہالی ڈے‘‘ ریلیز ہورہی ہے۔سوناکشی کے کیرئیر کی اہم ترین فلموں میں راؤڈی راٹھور، سن آف سردار، دبنگ ٹو اور ریمبو راجا شامل ہیں، فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ دبنگ گرل نے آئٹم سانگز بھی کئے ہیں اس کے علاوہ وہ کئی کمپنیوں کی برانڈ ایمبسیڈر بھی ہیں۔بہترین اداکاری کیلئے انہیںمتعدد ایوارڈ وںسے بھی سرفراز کیاجا چکا ہے۔ گزشتہ ۴برسوں کے دوران اب تک ان کی ۲۱فلمیں سینما گھروں کی زینت بن چکی ہیں۔ جن میں اکثر کو شائقین نے سند قبولیت بخشا ہے اور ناکام فلموں میں بھی ان کی اداکاری کی خاصی تعریف کی گئی ہے۔
دوسری جانب بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے امید ظاہر کی ہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے اقتدار میں آنے سے ملک میں اچھے دن آنے والے ہیں۔سوناکشی نے کہا میں بہت خوشی ہوں کہ بی جے پی کی اقتدار میں واپسی ہوئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے حکومت میں جو تبدیلیاں کی ہیں اور جس طرح انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ میرا خیال ہے کہ یہ اچھے دنوں کی آمد کا اشارہ ہے۔سوناکشی نے کہا گھر میں فلم اور سیاست پر شاید ہی کبھی بات ہوئی ہے۔ اگرچہ ہم سے گھر میں سیاست اور فلم پر بات چیت کی امید کی جاتی ہو لیکن ہم نہیں کرتے۔ ہمارے درمیان اپنے پیشے سے متعلق عام طور پر بات نہیں ہوتی، جیسے ہم نے دن بھر کیا کیا اور کس سے ملے ان سب معاملوں پر بات نہیں ہوتی۔قابل ذکر ہے کہ سوناکشی سنہا کے والد اور مشہور اداکار شتروگھن سنہا نے حال ہی میں بی جے پی کے ٹکٹ پر پٹنہ صاحب پارلیمانی حلقہ سے لوک سبھا انتخاب میں فتح حاصل کی ہے۔