ممبئی: بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں مالی اعتبار سے دنیا کی سب سے کامیاب فلم دھوم تھری کے حوالے سے نیا انکشاف ہوا ہے جہاں ایک شخص نے یش راج فلم پر اسکرپٹ چوری کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ گزشتہ سال ریلیز ہونے والی مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی ہٹ فلم “دھوم تھری” بھی چوری کی فلم نکلی جہاں ایک گمنام شخص نے فلم کا اسکرپٹ اپنا ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ہندوستانی تاریخ کی کامیاب ترین فلم قرار دی جانے والی دھوم تھری نے ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے پانچ سو کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔ یہ بالی ووڈ سینما انڈسٹری کی پہلی مووی تھی جس نے پانچ سو کروڑ روپے کمائے۔ تاہم منسوب حیدر نامی شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ دھوم تھری کی کہانی انہوں نے لکھی جو فلم کے پروڈکشن ہاؤس نے چرا لی ہے۔ ایک مشہور ہندوستانی روزنامہ کے مطابق فلم دیکھنے کے بعد حیدر نے یش راج فلم کے پروڈکش ہاؤس فون کیا جہاں سیکرٹری نے انہیں ای میل کرنے کی ہدایت کی لیکن کئی دن گزرنے کے باوجود پروڈکشن ہاؤس نے ان سے کوئی رابطہ نہ کیا۔