لیک سے ہٹ کر فلموں میں کام کرنے کو ترجیح دینے والے رنویر سنگھ بالی وڈ کے ایسے ستارے ہیں جو اپنی چمک روز بروز بڑھاتے جا رہے ہیں اور کامیابی ان کے قدم چومتی جا رہی ہے ۔ گزشتہ سال ’ گولیوں کی راس لیلا – رام لیلا ‘کی کامیابی کے بعد ان کی مقبولیت کا نتیجہ ہے کہ وہ تمام ڈائریکٹر پروڈیوسر کی پسند بن گئے ہیں ۔ گزشتہ دنوں منظرعام پر آئی فلم ’غنڈے ‘ میں بھی انکے کام کی تعریف ہوئی ۔ نہ صرف کامیاب فلموں کی وجہ سے انہیں لینے کو ترجیح دی جاتی ہے بلکہ وہ بڑے ایکٹروں کی جگہ لینے کے لئے بھی فٹ لگتے ہیں ۔ ریئلٹی شو بگ باس میں سلمان خان کی جگہ آ رہے ہیں تو کرن جوہر کی فلم شدھی میں رتک روشن کی جگہ لے رہے ہیں ۔ جبکہ اس فلم کے لئے شاہ رخ خان اور عامر خان تک کا نام سامنے آ رہا تھا ۔ اتنا ہی نہیں ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی نے بھی اپنی اگلی فلم باجی رائو مستانی کا لیڈ رول رنویر سنگھ کو دے دیا ہے ۔ جبکہ اس فلم میں پرینکا چوپڑا کو باجی رائو کی بیوی کاشی بائی کا رول ملا ہے ۔ رنویر سنگھ سے پہلے اس رول کے لئے رنبیر کپور ، سلمان خان اور اجے دیوگن تک کا نام لیا جا رہا تھا ۔ اس طرح رنویر سنگھ دوسرے ہیرو کے لئے خطرہ بھی ثابت ہونے لگے ہیں ۔ سب سے تازہ معاملہ ڈائریکٹر وکرمادتیہ موٹوانی کی ’بھاویش جوشی‘ سے جڑاہے ۔ پہلے اس فلم میں عمران خان کو لیا گیا تھا لیکن بعد میں عمران خان اس فلم سے الگ ہو گئے ۔ اب سمجھا جا رہا ہے کہ عمران خان کی جگہ رنویر سنگھ لینے والے ہیں ۔ اس سے پہلے رنویرسنگھ نے وکرمادتیہ موٹوانی کی فلم ’لٹیرا ‘ میں لیڈ رول ادا کیا تھا ۔ آگے زویا اختر کی فلم ’دل دھڑکنے دو ‘ میں بھی رنبیر سنگھ نظر آنے والے ہیں ۔ یعنی بالی وڈ میں رنویر سنگھ اپنی ایک خاص جگہ بنا چکے ہیں ۔بالی وڈ میں فلم حاصل کرنے کی دوڑ میں آگے رہنے والے اسٹارس میں رنویر سنگھ آنکھیں بند کر کے تمام آفر کو تسلیم کرنے سے بھی پرہیزکرتے رہے ہیں ۔ انہوں نے گزشتہ دنوں فلم کمپنی ایروز کی دو فلمیں تیس کروڑ روپے کے بدلے میں سائن کرنے سے انکار کر دیا ۔ رنویرسنگھ ان دنوں ڈائریکٹر شاد علی کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ۔ فلموں کے انتخاب میں محتاط رویہ اپنانے کا نتیجہ ہی ہے کہ وہ جس فلم میں کام کرتے ہیں تو ان کے کام کی اکثر تعریف ہوتی ہے ۔