سلمان خان کا شمار بالی وڈ کے کامیاب ترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے
بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے لیے چھ مئی کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دن ممبئی کی ایک عدالت میں ان پر سنہ 2002 سے جاری ’ہٹ اینڈ رن‘ کے مقدمے کا فیصلہ سنایا جائے گا۔
سلمان کے لیے یہ پہلا موقع نہیں ہے جب وہ اس قسم کی مشکلات سے دوچار ہوئے ہیں۔ جودھپور کی ایک عدالت میں
بھی ان کے خلاف ’آرمز ایکٹ‘ کے تحت مقدمہ چل رہا ہے۔
بالی وڈ کی کئی اہم شخصیتیں ہیں جو کسی نہ کسی الزام میں عدالتوں کے چکر کاٹ رہی ہیں اور ان میں سے بعض تو جیل کی ہوا بھی کھا چکے ہیں۔ ان میں سنجے دت بھی شامل ہیں۔
سنجے دت
سلمان خان اور سنجے دت اچھے دوست ہیں اور دونوں نے ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا ہے
سنجے دت جو اتفاق سے سلمان کے اچھے دوست بھی ہیں، فی الحال ریاست مہاراشٹر میں پونے کے یرودا جیل میں ’دہشت گردی مخالف ٹاڈا قانون‘ کے تحت سزا کاٹ رہے ہیں۔
55 سالہ سنجے دت کو سنہ 1993 میں ممبئی میں ہونے والے سیریل بم دھماکوں کے دوران غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے لیے گرفتار کیا گیا تھا۔ اپریل 1993 میں گرفتار کیے جانے کے بعد وہ اکتوبر 1995 میں ضمانت پر باہر آئے لیکن دسمبر میں انھیں پھر گرفتار کر لیا گیا۔
اس معاملے میں سنجے دت کئی بار جیل گئے اور پھر 16 مئی، 2013 کو ٹاڈا قانون کے تحت انھیں پانچ سال کی سزا سنائی گئي۔ ان پانچ سال میں سے دت 18 ماہ کی جیل کاٹ چکے تھے لہذا انھیں اب ساڑھے تین سال کی سزا كاٹني ہے۔
سلمان کے ساتھ سنجے کی گہری دوستی ہے اور سنجے اور سلمان ایک ساتھ چار فلموں میں کام کر چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ مقبول ’ساجن‘ تھی۔ اس کے علاوہ دونوں ’بگ باس سیزن 5‘ کے شریک میزبان بھی رہ چکے ہیں۔
سیف علی خان
سیف علی خان کرکٹر نواب پٹودی اور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے بیٹے ہیں
سلمان کے ایک اور دوست سیف علی خان بھی سلمان کے ساتھ اس متنازع معاملے کا حصہ تھے جس میں سلمان خان پر راجستھان میں سیاہ ہرن کے شکار کا الزام ہے۔
سیف اور سلمان پر الزام ہے کہ سنہ 1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران وہ شکار کے لیے گئے تھے جہاں انھوں نے ایک سیاہ ہرن کو مارا تھا۔ بھارت میں اس ہرن کے شکار پر پابندی ہے۔ اس الزام کے گھیرے میں ان کے ساتھ اداکارہ تبو، سونالی بیندرے اور نیلم بھی تھیں۔
اس کے بعد سنہ 2004 میں ان پر حوالہ کے ذریعہ ایک مہنگی کار خریدنے کا الزام بھی ہے، جس کے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
سیف بڑی مصیبت میں تب آئے جب سنہ 2012 میں ان پر ممبئی کے تاج ہوٹل میں ایک بزنس مین کے ساتھ ہاتھا پائی کے الزام لگے۔ سیف اب بھی اس کیس سے باہر نہیں آئے ہیں۔
سلمان اور سیف اچھے دوست ہیں لیکن انھوں نے ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کے علاوہ کبھی ساتھ میں کام نہیں کیا۔
شاہ رخ خان
شاہ رخ خان پر آئی پی ایل کے ایک میچ کے دوران سکیورٹی اہلکار سے بدکلامی کا الزام ہے
شاہ رخ خان ویسے تو ایک صاف ستھری شبیہ کے اداکار تصور کیا جاتے ہیں لیکن دو مواقع ایسے بھی آئے ہیں جب انھیں کچہری کے چکر لگانے پڑے۔
پہلا واقعہ سنہ 2012 میں وانكھیڑے سٹیڈیم میں ان کا سکیورٹی گارڈز کے ساتھ ہونے والے جھگڑے سے منسلک ہے۔ اس معاملے کے بعد شاہ رخ پر وانكھیڑے سٹیڈیم میں آنے پر پابندی ہے۔
اس کے ساتھ ہی سکیورٹی اہلکار نے ان پر دھمکی اور نازیبا زبان کے استعمال کے الزامات بھی لگائے تھے۔
دوسرا مسئلہ 1993 میں آنے والی فلم ’مایا میم صاحب‘ کے دوران ایک صحافی کو شاہ رخ کی جانب سے مبینہ طور پر دھمکی دینے کا ہے۔ اس کی وجہ سے جب تک صحافی سے شاہ رخ کی مصالحت نہیں ہو گئی، انھیں کچھ وقت تھانے میں بتانا پڑا تھا۔
فردين خان
فردین خان معروف اداکار اور فلم ساز فیروز خان کے بیٹے ہیں
فلم ’جنگل‘ اور ’پیار تونے کیا کیا‘ کی کامیابی سے لطف اندوز ہونے والے فردين خان کی ساکھ کو اس وقت گہرا دھچکہ لگا جب ممبئی کے منشیات ڈپارٹمنٹ کی پولیس نے انھیں گرفتار کیا۔
فردین کو سنہ 2001 میں فلم ’پیار تونے کیا کیا‘ کی ریلیز کے ایک دن بعد ہی کوکین رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گيا تھا۔
خیال رہے کہ بعد میں وہ اس الزام سے باعزت بری قرار پائے۔
ان سب کے علاوہ اداکار دارا سنگھ کے بیٹے اور بگ باس کے فاتح وندو دارا سنگھ کو سنہ 2013 میں آئی پی ایل میں میچ فکسنگ کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔