سنہ 1960 اور 70 کی دہائی کی مشہور اداکارہ نندا کا ممبئی میں ان کے گھر پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ وہ 75 سال کی تھیں۔ ان کی قریبی دوست اور اپنے زمانے کی معروف اداکارہ وحیدہ رحمان اور آشا پاریکھ کو جب بی بی سی نے فون کیا تو ان کے گھر والوں نے اس خبر کی تصدیق کی اور بتایا کہ وحیدہ اور آشا پاریکھ نندا کے گھر پہنچ چکی ہیں۔
اداکارہ وحیدہ رحمان، آشا پاریکھ، نندا اور سادھنا گہری دوست تھیں اور سنیچر کو وحیدہ رحمان کے گھر پر ہونے والی ایک مختصر سی تقریب میں نندا بھی موجود تھیں۔
وحیدہ کے گھر والوں نے بتایا کہ اس دوران نندا کی طبیعت درست تھی۔
نندا نے ’مندر‘، ’جگّو‘ اور ’جاگریتی‘ جیسی فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کریئر کی شروعات کی تھی۔ انھوں نے تاعمر شادی نہ کی۔
مشہور فلم ساز وی شانتا رام ان کے چچا تھے۔ انھوں نے نندا کو 1956 میں فلم ’طوفان اور دیا‘ میں ہیروئین کے طور پر لانچ کیا تھا۔
اداکارہ وحیدہ رحمان ان کی قریبی دوستوں میں شامل تھیں
نندا نے 60 ، 70 اور 80 کی دہائی میں دیو آنند، ششی کپور، شممي کپور سمیت کئی بڑے فنکاروں کے ساتھ کئی یادگار فلمیں دیں۔
ان کی یادگار فلموں میں ’بھابھی‘، ’دھول کا پھول‘، ’چھوٹی بہن‘، ’آنچل‘، ’کالا بازار‘، ’آج اور کل‘، ’نرتکی‘، ’جب جب پھول کھلے‘، ’گمنام‘، ’شور‘، ’جورو کا غلام‘ وغیرہ شامل ہیں۔
انھوں نے دیو آنند کے ساتھ ’کالا بازار‘، ’ہم دونوں‘ اور ’تین دیوياں‘، ششی کپور کے ساتھ ’نیند ہماری خواب تمہارے‘، ’جب جب پھول کھلے‘، راجیش کھنہ کے ساتھ ’دا ٹرین‘ سمیت کئی یادگار فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
80 کی دہائی میں انہوں نے ’پریم روگ‘ اور ’مزدور‘ جیسی کامیاب فلموں میں کردار ادا کیے۔
ششی کپور کے ساتھ ان کی جوڑی بہت کامیاب رہی اور دونوں نے آدھ درجن سے زیادہ فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔
ان پر فلمائے گئے ’پردیسیوں سے نہ انکھیاں ملانا‘، ’اک پیار کا نغمہ ہے‘ جیسے گیت آج بھی لوگوں کی زبان پر ہیں۔