لکھنؤ:کرشنا نگر علاقہ میں جمعہ کی دوپہر ایک باورچی نے اپنی اہلیہ، بیٹی اور بہو پر گڑاسے سے حملہ کر دیا۔ حملہ میں باورچی کی اہلیہ کا پنجا کٹ گیا جبکہ بیٹی اور بہو بھی شدید طور پر زخمی ہو گئیں۔ واردات کے بعد ملزم باورچی موقع سے بھاگ نکلا۔ سی او سروجنی نگر ببیتا سنگھ نے بتایا کہ کرشنا نگر کی کرشنا کالونی میں باورچی جمیل اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کی دوپہر وہ اپنے گھر پہنچا اور اس کے بعد اس نے گنڈاسا نکال لیا۔ گنڈاسا دیکھ کر گھر میں موجود اہلیہ، بیٹی اور بہو کچھ سمجھ پاتیں اس سے قبل جمیل نے اہلیہ نجمہ پر حملہ کر دیا۔ حملہ میں نجمہ کے ہاتھ کا پنجا کٹ کر علیحدہ ہو گیا۔ اس کے بعد ملزم جمیل نے بیٹی صبا اور بہو نغمہ پر بھی گڑاسے سے حملہ کر دیا۔ حملہ میں تینوں خواتین شدید طور پر زخمی ہو گئیں۔ سبھی لوگوں نے مدد کیلئے شور مچایا۔ پولیس نے تینوں زخمیوں کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں اہلیہ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کو تحقیقات میں اس بات کا پتہ چلا کہ جمعرات کو ملزم جمیل کا اپنی بہو نغمہ سے کسی بات کے سلسلہ میں تنازعہ ہوا تھا۔ کنبہ کے لوگوں نے کسی طرح جمیل کو سمجھا بجھاکر خاموش کرا دیا تھا۔
اس کے بعد سے جمیل غصہ میں تھا اور آج اس نے اس واردات کو انجام دے دیا۔ سی او سروجنی نگر نے بتایا کہ محلہ والوں کا بھی یہی کہنا ہے کہ ملزم جمیل اکثر گھر والوں سے جھگڑا کر تا رہتا تھا۔