نئی دہلی: تاریخی پس منظر پر بنائی جانے والی سنجے لیلا بھنسالی کی بلاک بسٹر فلم ’باجی راؤ مستانی‘نے آج یہاں اعلان کردہ 63 ویں قومی ایوارڈوں میں اپنا دبدبہ قائم رکھتے ہوئے پانچ ایوارڈ حاصل کر لئے جبکہ سُپر اسٹار امیتابھ بچن کو بہترین اداکاراور کنگنا رنوت کو بہترین اداکارہ منتخب کیا گیا۔کئی زبانوں میں بنائی جانے والی ایس ایس راجامولی کی سُپر ہٹ فلم ‘باہو بلی’ کو بہترین فیچر فلم اور سلمان خان کی ‘بجرنگی بھائی جان‘کو بہترین تفریحی فلم منتخب کیا گیا ہے ۔ امیتابھ کو شُجیت سرکار کی فلم’پیکو‘میں دمدار اداکاری کیلئے بہترین اداکار اور کنگنا رنوت کو ‘تنو ویڈس منو ریٹرنس’ میں ڈبل رول کو بخوبی ادا کرنے کیلئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا ہے ۔ کنگنا کو گزشتہ سال فلم’کوین‘کیلئے بہترین اداکارہ منتخب کیا گیا تھا۔’باجی راؤ مستانی‘کیلئے سنجے لیلا بھنسالی کو بہترین ہدایت کار، تنوی اعظمی کو بہترین معاون اداکارہ، سدیپ چٹرجی کو بہترین سنیمیٹو گرافر، سری رام اینگر، سلونی دھترک اور سجیت ساونت کو بہترین پروڈکشن ڈیزائنر اور رومو ڈیسوزا کو بہترین کوریوگرافر منتخب کیا گیا۔ اس کے علاوہ بہترین آڈیوگرافی کے تحت بہترین ساؤنڈ ڈیزائنر اور ری۔ریکارڈنگ کا ایوارڈ بھی اسی فلم کو ملا۔