کانپور(نامہ نگار)مہانگرکانگریس کی جانب سے بجلی بحران کے سلسلے میں تلک ہال واقع پارٹی دفتر سے کیسکو دفتر تک پیدل مارچ نکالا گیا اورمظاہرہ کیاگیا۔
پارٹی کے ذریعہ منیجنگ ڈائریکٹرکیسکو کی معرفت ریاستی گورنرکو عرضداشت ارسال کی گئی ۔کانگریس کارکنان سے کیسکوصدردفتر کے گیٹ پر عرضداشت لے لی گئی ہے۔کانگریس کا احتجاجی جلو س تلک ہال واقع پارٹی کے دفترسے شروع ہوا۔ اورکلکٹرگنج چوراہا ، پریڈ چوراہا سے گزرتے ہوئے کیسکو صدردفترپر پہنچا۔
یہاں پر ضلع مجسٹریٹ وکیسکو کی منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر روشن جیکب کی معرفت ریاستی گورنر کو عرضداشت ارسال کی گئی ۔ کیسکومنیجنگ ڈائریکٹر کی جانب سے کمپنی کے صلاح کار ایس این باجپئی نے عرضداشت لی۔ کانگریس کے سابق مرکزی وزیر سمیت کسی بھی کانگریس لیڈر کودفتر کے اندرجانے نہیں دیا گیا۔جس کی وجہ سے کانگریس عہدیداران کو دفتر کے باہر کی عرضداشت سپرد کرنا پڑی۔ عرضداشت میں کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ اعلانیہ وغیر اعلانیہ بجلی تخفیف کے سبب ریاست میںسب سے زیادہ ٹیکس اداکرنے والا شہر کانپورکاکاروباربربادی کے دہانے پر پہنچ گیا۔عوام کو پانی میسرنہیں ہورہاہے۔لوگ بیمار ہورہے ہیں ۔بجلی تخفیف کے سبب جرائم کے واقعات میںاضافہ ہورہا ہے ایسے حالات میں مرکزی وریاستی حکومتیں ایک دوسرے کے خلاف الزامات عائد کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کررہی ہیں، پارٹی نے ریاستی گورنر سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے اس موقع پر سابق مرکزی وزیرشری پرکاش جیسوال، عبدالمنان ، شہر کانگریس صدر ہرپرکاش اگنی ہوتری ، دیہی صدرابھیجیت سنگھ سانگا وغیرہ موجود تھے۔