لکھنو : بجلی بلوں کی ادائیگی کے عمل کو جدید بنانے کے ارادے سے لیسا اب شہر میں دوبارہ اے ٹی پی مشین لگانے جا رہا ہے اس سے قبل گومتی نگر اور حسین گنج میں اس طرح کی مشین لگائی جا چکی ہیں جو کچھ دنوں بعد بند ہو گئی تھیں۔ انجینئر اب پراگ نرائن روڈ پر مشین لگانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ۱۰-۲۰۰۹ءمیں گومتی نگر کے وشواس کھنڈ او ر۲۰۱۲ءمیں حسین گنج ڈاٹا سینٹر پر بجلی کا بل جمع کرنے کےلئے اے ٹی پی (اینی ٹائم پیمنٹ) مشین لگائی گئی۔ صارفین اس مشین پر خود اپنا بل جمع کرسکتے تھے۔ ۲۰۰۹ءمیں لگائی گئی مشین تو تین ماہ میں بند ہو گئی۔ جبکہ حسین گنج ڈاٹا سینٹر پر ایک دوسری مشین لگائی گئی جو ایک ماہ بھی صحیح طریقے سے نہیں چل سکی۔ ان باتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے لیسا انتظامیہ اب شہر میں مزید مشینیں لگانے کی تیاری میں ہے۔ لیسا انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مشین لگنے سے صارفین کو تو سہولت حاصل ہو گی ہی ساتھ ہی محکمہ کو ریوینو کا فائدہ بھی ہوگا۔ محکمہ جاتی افسران کا کہنا ہے کہ مشین لگانے کے بعد بھی اس کا نتیجہ بہتر نہیں ہوگا کیونکہ مشین کے سافٹ ویئر میں کوئی تبدیلی نہیںکی گئی ہے۔