کانپور(نامہ نگار)۔ کانگریس نے شہر کے دیہی علاقوںکے مسائل کے سلسلے میں منطقائی کمشنر کی رہائش گاہ کاگھیرائو کرنے اور انھیں عرضداشت سپرد کرنے کااعلان کیا تھا۔ منطقائی کمشنر کوعرضداشت سپرد کرنے کے اعلان پر قائم کانگریس کارکنان گیٹ کھلنے کے بعد زبردستی دفتر میں گھس گئے ۔کانگریس دیہات کی اپیل پر شیواجی گیٹ موتی جھیل پر کانگریس لیڈر اور کارکنان جمع ہوئے ۔ ان کے ساتھ شہر کانگریس کے لیڈران بھی تھے ۔ کارکنان جلوس کی شکل میں منطقائی کمشنر کی رہائش گاہ تک پہنچے ۔ کانگریس دیہات کے ضلع صدر ابھیجیت سنگھ سانگا پیدل منطقائی کمشنر کی رہائش گاہ پر گئے ۔ اسی دوران کانگریس شہرصدر ہر پرکاش اگنیہوتری اپنے حامیوں کے ساتھ بذریعہ کار منطقائی کمشنر کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔ کانگریس لیڈر وکارکنان سماج وادی پارٹی اور
مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ کانگریس کارکنان نے منطقائی کمشنر کے علاوہ کسی دیگرافسر کو ریاستی گورنر کو مخاطب عرضداشت سپرد کرنے سے انکار کردیا۔ بعد میں منطقائی کمشنر کیمکپس میں سینئر کانگریس رہنمائوں اورکارکنان کے ذریعہ منطقائی کمشنر کوعرضداشت سپرد کرنے پراتفاق رائے ہوگیا۔ جیسے ہی منطقائی کمشنر کے دفتر کا گیٹ کھلا کانگریس کارکنان زبردستی گھسنے کی کوشش کرنے لگے ۔ پولیس نے کارکنان کو روکنے کی کوشش کی اسی دوران کانگریس کارکنان اور پولیس کے درمیان تکرار ہو گئی۔ عرضداشت سپرد کرنے کے بعد کانگریس رہنمائوںنے کارکنان کو سمجھا کر باہر نکالا۔ کانگریس کے قومی سکریٹری زبیر خاں نے کہا کہ عرداشت میں مرکزی وریاستی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عوام کے مسائل کو جلدسے جلد حل کیا جائے اور نوراکشتی کے ذریعہ عوام کو پریشان نہ کیا جائے ۔انھوںنے کہا بجلی کے مسئلے کو جلد سے جلد حل کیا جانا چاہئے کیونکہ بجلی تخفیف کے سبب کاشتکاروں کی فصلیں برباد ہو گئی ہیںَ ایسے ہی مختلف مسائل ہیں جس کے سبب کانپور سمیت ریاست کے دیہی علاقوںکے کسان غریبی اور بدحالی کی زندگی گذارنے کیلئے مجبور ہیں۔ اس موقع پر سابق رکن پارلیمنٹ راجہ رام پال کے علاوہ ڈاکٹر شیلیندردیکشت ، مہیش دیکشت اور دنیش باجپئی وغیرہ موجود تھے۔