کانپور(بھاشا)زبردست گرمی اور پریشان کرنے والی امس اوراس پر غیر اعلانیہ بجلی تخفیف وتکنیکی خرابی کے سبب خستہ حال بجلی بندوبست سے پریشان عوام اب سڑکوں پر آگئے ہیں کل رات ہنس پورم علاقہ میں تین بجلی گھر بند ہوجانے کی وجہ سے ناراض عوام نے نوبستہ بجلی گھر پر حملہ کردیا اوربعد میں بررابائی پاس پر سڑک کو مسدود کردیا۔دیر رات کافی مشقت کے بعد پولیس نے سڑک پرآمدورفت کو بحال کرایا۔بجلی تخفیف سے عوام تو پریشان ہیں۔ اس کے علاوہ تاجروں کا کاروباربھی متاثر ہورہاہے۔بجلی فراہم نہ ہونے کی سبب پانی کی بھی زبردست قلت ہوگئی ہے۔ ہنس پورم علاقہ میں بجلی محکمہ کے تین بجلی گھربند ہوجانے کی وجہ سے علاقہ کے ایک درجن سے زیادہ محلوں کی بجلی گل ہوگئی اورمذکورہ علاقوں میں رہنے والے تقریبا۵۰ہزار لوگ پریشان ہوگئے۔ جن علاقوں میں بجلی گل ہوگئی ان میں قدوئی نگر، یشودانگر، یوگیندربہار، ہنس پورم ، ساکیت نگر اورجوہی سمیت تقریبا ایک درجن محلہ شامل تھے۔ بجلی محکمہ کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے شہر میں زیادہ بجلی کے مطالبے سے تقریبا دودرجن سے زائد ٹرانسفارمر خراب ہوگئے ہیں جنھیں درست کیاجارہاہے جس کی وجہ سے شہر میں کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے۔ویسے تو بجلی محکمہ کے ذریعہ مقررہ بجلی تخفیف کا وقت صبح دوگھنٹے اورشام چارگھنٹے مقررہے لیکن کچھ علاقوں میں تخفیف دس گھنٹے تک کی جارہی ہے ۔ کانگریس کے ضلع صدر مہیش دکشت نے الزام عائد کیا ہے کہ سماج وادی پارٹی کے پانچ رکن اسمبلی اوران میں سے دووزیر ہیں جس کے باوجود غیر اعلانیہ اورمسلسل ٹرانسفارمر میں خرابیوں کے سبب شہر کے لوگوں کی نیند خراب ہوگئی ہیں۔شہر میں ایک دن میں دس سے بارہ گھنٹے کی بجلی تخفیف سے
بڑے تاجروں کے علاوہ چھوٹے کاروباریوں اوردکانداروں کارو باربھی متاثر ہورہاہے ۔ عوام کی سب سے بڑی پریشانی بجلی نہ آنے کے سبب پانی کی فراہمی نہ ہونا ہے کیونکہ بجلی تخفیف کا کوئی وقت مقرر نہ ہونے کے سبب تاجروں کو کافی پریشانی ہوتی ہے۔شام کو جب دکانداروں پر خریدار آتے ہیں تو اس وقت بجلی غائب ہوجاتی ہے۔بی جے پی کے رکن اسمبلی ستیش ماہانا نے کہا کہ عوام بجلی محکمہ کے افسران کے پاس اپنی شکایت لیکر جاتے ہیں وہاں انھیں صرف ایک جواب ملتا ہے کہ جتنی بجلی مل رہی ہے اسی کے مطابق دی جارہی ہے۔ ضلع انتظامیہ کے افسران سے یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ جلد ہی افسران سے اس معاملے میںگفتگو کی جائے گی۔ جب عوام مسائل کے لئے دھرنا مظاہرہ کرتے ہیں تو ہمیں بھی کارروائی کی دھمکی دی جاتی ہے۔شہر میں زبردست بجلی تخفیف کے سلسلہ میں کیسکو کے سینئر افسربتاتے ہیں کہ مقررہ چارگھنٹے کی تخفیف باقاعدہ طورپر کی جاتی ہے لیکن اس تخفیف کے علاوہ جب گرڈ کی فریکوئنسی کم ہوجاتی ہے تومجبوری میں بجلی کی سپلائی کو بند کرناپڑتاہے۔افسران نے مزید کہا کہ زیادہ لوڈ ہونے کے سبب ٹرانسفارمر خراب ہورہے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو زیادہ پریشانی ہورہی ہے۔ملازمین جلد سے جلد ٹرانسفارمر درست کراکر عوام کو بجلی فراہم کرارہے ہیں۔شہر میںروزانہ غیر اعلانیہ بجلی تخفیف کے دوران آج سے ماہ رمضان کا آغاز ہوگیاہے ۔بجلی تخفیف روزیداروں کیلئے پریشانی کا سبب بن سکتے ہیں۔