گورکھپور : بجلی تخفیف کے سبب لوگوں کا جینا محال ہوگیاہے۔طے شدہ شیڈول کے علاوہ کسی وقت بھی بجلی گل ہوجاتی ہے۔زبردست بجلی تخفیف سے گورکھپور کے لوگ پریشان ہوگئے ہیں کیونکہ بجلی کے آنے جانے کا کوئی وقت مقرر نہیں ہے۔ حالانکہ لوگوں کو انتخاب کے موقع پر بجلی تخفیف سے راحت ملنے کی امیدتھی کیونکہ انتخابات کے وقت اس سے قبل بھی بجلی تخفیف نہیں کی جاتی تھی لیکن گورکھپور میں بجلی بندوبست مکمل طور سے درہم برہم ہوگیاہے۔صارفین کے علاوہ بجلی محکمہ کے افسران وملازمین بھی پریشان ہیں۔ملازمین کو اس بات کا خوف ہے کہ عوام کے غصہ کا شکار انہیں ہوناپڑے گا۔بدھ کے دن شام سے لے کر دیر رات تک چھ گھنٹے کی تخفیف کی گئی۔ جمعرات کے دن شہر کے مختلف علاقوں میں صبح چار بجے سے چھ بجے تک بجلی فراہم نہیں کی گئی۔اس کے بعد صبح سوانو بجے سے گیارہ بجے تک بجلی تخفیف کی گئی۔ دوپہر میں بھی بجلی کے آنے جانے کا سلسلہ رہتاہے۔ جعفرابازار، پڑے قاضی پور، ترکمان پور،سدھاری پور وغیرہ علاقوں میں صارفین کوبجلی تخفیف کے علاوہ لو وولٹیج کے مسئلہ سے بھی نمٹنا پڑرہاہے۔