لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے الہ آباد میں بجلی حادثہ میں ہلاک ہونے والے اہل خانہ کے ورثاء کو پانچ -پانچ لاکھ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہارکیا اور اہل خانہ کو فوری اثر سے بیس- بیس ہزار روپئے مالی امداد مہیا کرانے کی ہدایت دی تھی مذکورہ امداد کو ضلع انتظامیہ کے ذریعہ مہیا کر ا دیا گیا۔ باقی رقم جلد ہی متاثرشخص کے کنبہ کو مہیا کرانے کی ہدایت وزیر اعلیٰ نے دے دی ہے۔وزیر اعلیٰ نے بجلی محکمہ کے افسران کو اس طرح کے حادثا ت کو روکنے کیلئے ہرممکن کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے بجلی کے خستہ حال تاروںاور کھمبوں کو تبدیل کرنے کیلئے کہا ہے۔
واضح رہے کہ الہ آباد کی تحصیل میزا کے گاؤں ددھیا میں گزشتہ جمعہ کو ٹرک کی ٹکر کے سبب بجلی کی لائن ٹوٹ کر گر جانے سے یہ حادثہ پیش آیا تھا اس حادثہ میں رام انوگرہ(۴۲)اور چھوی شنکر کیسری (۴۰) کی بجلی کے تاروں کی زد میں آنے سے موت ہو گئی۔