لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کانگریس نے ریاستی حکومت کے نئے سال میں بجلی شرحیں بڑھانے کی تیاری کی سخت مخالفت کی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ حکومت اکتوبر ماہ میں بجلی کی قیمتوں میں ۱۴ فیصدی کا بھاری اضافہ کر چکی ہے۔ اب ایک مرتبہ پھر نئے برس میں بجلی صارفین کو اضافی بجلی شرحوں کا تحفہ دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ پارٹی ترجمان ڈاکٹر ہلال احمد نے کہاکہ اکتوبر میں بجلی قیمت بڑھانے کی کانگریس نے سخت مخالفت کی تھی۔انہوں نے کہاکہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ عام آدمی کو اتنی بھاری قیمتیوں پر بجلی فروخت کرنے کے باوجود ایس پی حکومت دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کرنے میں پوری طرح ناکام ہے۔ ریاست کے عوام مہنگائی کے بوجھ تلے پہلے سے ہی دبے ہوئے ہیں ایسے میں بجلی کی قیمتوں میں من مانے اضافہ سے عام آدمی کی کمر ٹوٹ جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت عدالت کے احکام کے باوجود گنا کسانوں کو بقایا جات دلانے میں مجبور ہے۔ ایسے میں بجلی قیمتوں میںاضافہ سے ریاست کے کسانو ں کی پہلے سے خراب حالت مزید خراب ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے من مانے ڈھنگ سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو کانگریس سڑکوں پر عام آدمی او ر کسانوں کے مفاد کیلئے لڑائی لڑے گی۔