لکھنؤ(نامہ نگار)بجلی کی شرحوں میں اضافہ ہو یا کمی کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں ا س سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ کیونکہ ان کا گھر تو چوری کی بجلی سے ہی جگمگاتاہے۔ حالانکہ ان کی بجلی چوری کا خمیازہ بھی ایماندار صارفین کو ہی بھگتنا پڑتا ہے۔ بجلی چوری کرنے والوں سے ہونے والے نقصان کی تلافی بھی محکمہ بل ادا کرنے والوں سے ہی کر رہا ہے۔ راجدھانی میں ہر ماہ تقریباً ۴۵کروڑ کی بجلی چوری ہوتی ہے۔
گذشتہ سال کمیشن نے چار ماہ تک بجلی چوری روکومہم چلائی لیکن نتیجہ کچھ نہیں نکلا۔ کچھ لوگوںکو چھوڑ کر محکمہ کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔ حالانکہ دستاویز میں سیکڑوں کی بجلی چور پکڑے گئے لیکن بجلی چوری یعنی اے ٹی اینڈ سی لاس یہ بتاتے ہیں کہ بجلی چوری کے فیصد میں کوئی گراوٹ نہیں آئی۔ بجلی چوری اور لائن نقصانات سے ہو رہے خسارے کو پورا کرنے کیلئے محکمہ ایماندار صارفین پر دباؤ بڑھاتاجا رہا ہے۔ لکھنؤ الیکٹریسٹی سپلائی ایڈمنسٹریشن (لیسا) نے یکم اپریل ۲۰۱۴ء سے ۳۱مارچ ۲۰۱۵ تک ۵۴۵۴ملین یونٹ بجلی فراہم کی۔ لیکن اس پر ۴۰۸۰ملین یونٹ کی ہی بلنگ ہو سکی۔ اس طرح تقریباً ۲۵فیصد بجلی کو لائن نقصانات کے کھاتے میں ڈال دیا گیا۔ لیسا نے فروخت کی گئی بجلی ۴۰۸۰ملین یونٹ کے برعکس ۲۲۷۷کروڑ روپئے کی بلنگ کی اور ۲۲۶۱کروڑ روپئے کی وصولی کا دعویٰ کیا۔ ۵۵۰ کروڑ روپئے کی ۱۳۷۳ ملین یونٹ بجلی لائن نقصانات میں چلی گئی۔ افسران کے مطابق لیسا میں تقریباً ۴۰فیصد لائن نقصانات ہیں جس میں ۱۵فیصد حقیقی لائن نقصانات اور ۲۵فیصد بجلی چوری شامل ہے۔ اس طرح کہا جا سکتا ہے کہ شہر میں بجلی چور ہر ماہ تقریباً ۴۵کروڑ روپئے کی بجلی چوری کر رہے ہیں۔
لیسا ایک نظر میں: صرف۶۰ فیصد ادا کرتے ہیں بل
کل صارفین ۷ء۲۰لاکھ، آن لائن بل بنتے ہیں ۴ء۰۰ لاکھ،صارفین بنواتے ہیں ڈیڑھ لاکھ بل اور ہر مہینے جمع ہوتے ہیں ۴ء۱۰لاکھ بل۔
تین شاطرگاڑی چور گرفتار
لکھنؤ(نامہ نگار)کرشنا نگر پولیس نے دو شاطر چوروں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے چوری کی تین موٹر سائیکلیں برآمد کی ہیں۔ اس کے علاوہ وبھوتی کھنڈ پولیس نے ایک گاڑی چورکو چوری کی موٹرسائیکل کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔کرشنا نگرکوتوالی انچارج اشونی پانڈے نے بتایا کہ سنیچر کی دیر شب پولیس کی ایک ٹیم نے پراگ ڈیری چوراہے کے پاس ایک موٹرسائیکل سوار دو مشتبہ لوگوں کو پکڑا۔ پولیس نے جب ان سے موٹرسائیکل کے کاغذات طلب کئے تو وہ ایک بھی پیپر نہیں دکھا سکے۔
شک ہونے پر سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو دونوں نے بتایا کہ مذکورہ موٹرسائیکل چوری کی ہے۔ اس کے بعد پولیس نے ان کی نشاندہی پر چوری کی دو موٹرسائیکل برآمد کی۔ پوچھ گچھ میں دونوں نے اپنا نام سروجنی نگر کا اظہر الدین اور سرور علی بتایا۔ اظہر الدین آبائی طور سے گجرات و سرور علی امیٹھی کا رہنے والاہے۔ برآمد کی گئی ایک موٹرسائیکل ناکا و دوسری موٹرسائیکل کرشنا نگر سے چوری کی گئی تھی جبکہ تیسری موٹر سائیکل کے بارے میں پولیس پتہ لگا رہی ہے۔
اس کے علاوہ گذشتہ شب وبھوتی کھنڈ پولیس نے چنہٹ تراہے کے نزدیک ایک موٹرسائیکل سوار نوجوان کو پکڑا۔ پولیس نے جب اس سے موٹرسائیکل کے کاغذات مانگے تو وہ ایک بھی پیپر نہیںدکھا سکا۔ شک ہونے پر پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ مذکورہ موٹرسائیکل اس نے ۱۶؍اپریل کو چوری کی تھی۔ پوچھ گچھ میں ملزم نے اپنانام گومتی نگر کے رشی کیش بتایا۔