لکھنؤ۔(نامہ نگار)امین آباد ممتاز مارکیٹ میں بقایا بل کے سلسلے میں بجلی کا کنکشن منقطع کرنے اور بجلی چوری کئے جانے کا معاملہ روشنی میں آیا۔ ممتاز مارکیٹ راجیو ساہو کے دکان پر کٹیا لگا کر بجلی چوری کی جارہی تھی کیوں کہ بل ادا نہ کرنے کی وجہ سے ان کا بجلی کنکشن منقطع کردیا گیا تھا۔ ایگزکٹیو انجینئر انل کمار کے مطابق راجیو ساہو پر تقریباً ۲۹۔۱لاکھ روپئے بجلی کا بقایا تھا جس کی وجہ سے ان کا کنکشن منقطع کردیا گیا تھا۔ انل کمار نے بتایا کہ بقایا بجلی کا بل جمع نہ کرنے کی وجہ سے ان کی دکان میں لگا ہوا میٹر اور کیبل دونوں اتار لئے گئے جمعہ کو جانچ کے دوران معلو م ہوا کہ راجیو ساہو دوسری لائن سے بجلی کا استعمال کررہا ہے۔ جونیئر انجینئر کی قیادت میں ایک ٹیم نے ممتاز مارکیٹ میں واقع ان کے دکان پر چھاپہ مارا۔ جہاں پر غیر قانونی طریقہ سے بجلی استعمال کی جارہی تھی۔ بجلی چوری کے الزام میں راجیو ساہو کو پکڑ لیا گیا۔ پولیس کی کارروائی کے بعد راجیو ساہو نے دس ہزار روپئے کا جرمانہ ادا کردیا۔