لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔مہا نگر کے عالم نگر میںواقع ایک بجلی کی دکان میں شارٹ سرکٹ کے سبب اچانک آگ لگ گئی ۔ آگ کی اطلاع دکان مالک نے فائر بریگیڈ کو دی۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا۔ اس کے علاوہ کرشنا نگر میں ایک مزدور کے گھر میں چولہے پر کھانا پکاتے وقت آگ لگ گئی جس کے سبب گھر کا سارا سامان جھل کر راکھ ہو گیا۔
مہا نگر کے عالم نگر میں رہنے والے گڈو باری کی گھر سے ہی کچھ دوری پر الیکٹرانک کی دکان ہے۔ منگل کی دوپہر گڈو دکان میں کام کر رہے تھے۔ اچانک بجلی کے تاروں میں شارٹ سرکٹ ہونے لگا۔ جب تک وہ کچھ سمجھ پاتے تب تک شارٹ سرکٹ سے نکلی چنگاری سے زبردست آگ
لگ گئی ۔ گڈو نے اس کی اطلاع فائر بریگیڈ کو دی۔ کچھ ہی دیر میں موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے آگ پر قابو پالیا۔ دکان مالک کا کہنا ہے کہ دکان میں رکھا ہزاروں کا سامان جل کرراکھ ہو گیا۔ دوسری جانب کرشنا نگر کے پنچم کھیڑا کے رہنے والے مزدور اروند کے گھر میں باورچی خانہ میں کھانا پکاتے وقت چولہے سے نکلی چنگاری سے اچانک آگ لگ گئی۔ اروند کی بیوی کسی طرح سے جان بچاکر وہاں سے نکلی اور اس کی اطلاع اپنے شوہر کو دی۔شور سن کر آس پاس کے لوگ بھی جمع ہو گئے۔ لوگوں نے آگ بجھانے کیلئے پانی ڈالنا شروع کیا اور واقعہ کی اطلاع محکمہ فائر بریگیڈ کو دی۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے تقریباً دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ بتایا جا رہا ہے کہ گھر میں رکھا ہزاروں کا اناج ، کپڑے ، بستر اور ضروری سامان خاکستر ہو گئے۔