لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ بجلی بحران سے پریشان باشندوں نے دیر رات نادر گنج بجلی سب اسٹیشن پر ہنگامہ کیا۔ برہم باشندوں نے دو گھنٹے تک ہنگامہ آرائی کی اور انجینئروں پر لاپروائی کا الزام عائد کیا۔ دوسری جانب ایس ڈی او کینٹ نے بتایا کہ مرمت کے کام ہونے کی وجہ سے ایس جی پی جی آئی فیڈر کی سپلائی دن میں گیارہ بجے سے چار بجے تک بند رہے گی۔ راجدھانی میں بجلی فراہمی کے کام کی نگرانی کرنے والے لیسا کے طریقہ کار کی وجہ سے بجلی کا بحران درست ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔
اتوار کے روز سروجنی نگر میں دیر رات تک بجلی کی سپلائی بند رہنے سے لوگ خاصے پریشان رہے۔ مقامی لوگوں نے کئی بار افسران سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ اسی سلسلہ میں ناراض لوگوںنے دیر رات نادر گنج بجلی سب اسٹیشن پر جم کر ہنگامہ آرائی کی۔ ہنگامہ کررہے لوگوں کا کہنا تھا کہ علاقہ کے انجینئر جان بوجھ کر اس قسم کی لاپروائی کرتے ہیں۔
ہنگامہ کے دوران پہنچے افسران کے ذریعہ یقین دہانی کرائے جانے کے بعد لوگ خاموش ہوئے۔ اس سلسلہ میں ایس ڈی او کینٹ سنجے شرما نے بتایا کہ منگل کے روز ایس جی پی جی آئی فیڈر کی مرمت کا کام کیا جانا ہے اس لئے دن میں گیارہ بجے سے چار بجے تک بجلی کی سپلائی بند رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران اہیما مئو، ارجن گنج، ملاک، ہریہر پور، ڈپٹی گنج، موہن گنج، رجمن، توپ خانہ، صبحانی کھیڑا، ہمالین کالونی، مہاتما گاندھی مارگ اور کینٹ علاقہ کی بجلی متاثر رہے گی۔