نئی دہلی، 28 فروری(یو این آئی)وزیر اعظم نریندرمودی نے آج پیش کردہ عام بجٹ کو سب کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بجٹ کارخ ہمہ جہت ترقی، متوسط طبقے ، نوجوانان اور ایک نئے معیار کی طرف ہے ۔انہوںنے کہا کہ یہ بجٹ ایک خوشحال مستقبل کانقیب ثابت ہوگا۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو اس قدر واضح تصور والا بجٹ پیش کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ یہ بجٹ ترقی پسندانہ، مثبت، عملی، حقیقت پسندانہ اور محتاط رویوں کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ‘‘میں وزیر خزانہ کو اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جس میں انہوں نے ایک ہی وقت میں تمام ریاستوں کی امنگوںکا احترام کرتے ہوئے قومی ترجیحات کا حق اد اکردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں کسانوں ، نوجوانوں ، عام انسانوں، غریبوں ، نئے متوسط طبقے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ا ور روزگار کے امکانات اور مساوات کے رخ پر قدم اٹھایا گیا ہے ۔
مسٹر مودی نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے حق میں سازگار یہ بجٹ ٹیکسوںکے حوالے سے نہ صرف تمام شبہات دور کرتا ہے بلکہ سرمایہ کاری کرنے والوں کو یقین دلاتا ہے کہ ہندوستان اب ایک مستحکم اور ٹیکس کا صاف ستھرا نظام رکھنے والا ملک ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں کالے دھن کے حوالے سے اس یقین کو تقویت پہنچائی گئی ہے کہ بلیک منی کا ایک ایک روپیہ واپس لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خزانہ نے 2022 تک سب کے لئے گھر، سب کے لئے روزگار، سب کے تعلیم، سب کے لئے صحت اور مکمل برق کاری کی بنیاد رکھ دی ہے ۔