دنیا کے بتیس ممالک نے بحرین کی حکومت سے انسانی حقوق کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق سویٹرزلینڈ نے پیر کے دن بتیس ممالک کا ایک مشترکہ بیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پیش کیا جس میں بحرین کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات انجام دے۔
اس بیان پر دستخط کرنے والے ممالک کا کہنا ہے کہ ان کو بحرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش لاحق ہے۔ ان ممالک نے پرامن مظاہرے اور اپنی رائے کا اظہار کرنے والوں کو جیل بھیجنے اور ان پر تشدد کرنے سے متعلق منظر عام پر آنے والی رپورٹوں پر تشویش ظاہر کی ہے۔
اس بیان میں بحرین میں اٹھارہ سال سے کم عمر کے افراد کو پر امن مظاہروں میں شرکت کرنے کی وجہ سے گرفتار کرنے اور حکومت کی جانب سے منصفانہ مقدمات نہ چلائے جانے کی مذمت کی گئی ہے۔
اس بیان پر دستخط کرنے والے ممالک نے بحرین کی حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ وہ قیدیوں پر تشدد اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی تحقیقات کرے۔