بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے ناروا سلوک کے خلاف الجو جیل کے قیدیوں نے بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق الجو جیل میں بند سیاسی قیدیوں نے، سیکورٹی اہلکاروں کے ناروا سلوک کے خلاف اجتجاج کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کا آغاز کردیا ہے۔
کہا جارہا ہے کہ قیدیوں نے بھوک ہڑتال کہ فیصلہ جیل انتظامیہ کی جانب سے ایذارسانی کے مختلف طریقے آزمائے جانے کے بعد کیا ہے۔
بحرین کی آمریت مخالف جماعت، جمیعت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان اور تحریک آزادی و جمہوریت کے رہنما حسن المشیمع کے گھروالوں نے بھی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کی تصدیق کی ہے۔ مذکورہ دونوں رہنما بھی ایک عرصے سے شاہی حکومت کی جیل میں بند ہیں۔
دوسری جانب بحرین کے انسان حقوق مرکز نے ، اپنی ایک رپورٹ میں شاہی حکومت کی جیل میں سولہ سالہ انقلابی نوجوان عباس عون کی جسمانی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عباس عون کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں اس کی حالت غیر ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عباس عون کے گھروالوں کو بھی اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ جیل میں اس سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔
بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سےانقلابی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام مکمل جمہوری حقوق دیئے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔