کانپور (نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بحری فوج کے لیفٹیننٹ کمانڈر آلوک ساہو کی بابوپوروا کالونی واقع رہائش گاہ پہنچ کر ان کی تصویر پر گلپوشی کی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔وزیر اعلیٰ نے آنجہانی آلوک ساہو کے والد پی ایل ساہو اور ان کی بیوی ونیتا ساہو کو مالی امداد کے طور پر ۱۵-۱۵لاکھ روپئے کے چیک دیئے۔واضح رہے کہ ممبئی میں سندھورتن آبدوز حادثہ میں لیفٹیننٹ کمانڈر آلوک ساہو ہلاک ہوگئے تھے۔وزیر اعلیٰ نے آلوک ساہو کے والد پی ایل ساہو،والدہ راج کشوری،اہلیہ ونیتا ساہو اور گھر کے دیگر افراد سے تعزیت پیش کی۔وزیراعلیٰ نے علاقہ کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی ہدایت ضلع مجسٹریٹ کو دی۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ سڑکوں پر گڈھے دکھائی نہ دیں بلکہ سڑک دکھائی دے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت اور تعمیر معیار کے طور پر کی جائے۔ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے۔لکھنؤ واپس جاتے ہوئے پولیس لائن واقع ہیلی پیڈ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پرآج قنوج میںپچاس ہزار پودھے لگائے گئے ہیں اور ایک لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ریاست کے باشندے فوج کے کسی جوان کے ہلاک ہونے کی خبر حکومت کو ملنے کے بعد وہ شہید کے کنبے کے افراد سے تعزیت پیش کرنے کے لئے ضرورجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ۳۰؍مئی کو اپنی کانپور آمد کے دوران اگر انہیں اس بات کا علم ہوتا تو وہ شہید کنبے کے گھر ضرور جاتے۔وزیر اعلیٰ کے ساتھ ریاست کے وزیر جیل راجندر چودھری سماجی کارکن راجندر سنگھ،منطقائی کمشنر
محمد افتخارالدین،ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر روشن جیکب،ایس ایس پی اجے کمار مشرا اور دیگر افسران موجود تھے۔